پاکستان کسی بھی دہشت گرد گروپ سے مذاکرات نہیں کرے گا

پاکستان کسی بھی دہشت گرد گروپ سے مذاکرات نہیں کرے گا
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی دہشت گرد گروپ سے مذاکرات نہیں کرے گا۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کے جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو غذائی قلت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان ہر سال فلسطین پر قراردادیں جمع کراتا ہے، مقبوضہ فلسطین کی ہولناک صورتِ حال پر پاکستان اپنے سنجیدہ تحفظات ریکارڈ کرتا ہے، پاکستان فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرتا ہے اور اس کی طرف سے اقوام متحدہ کی رکنیت کی حمایت کرے گا۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو کئی برسوں سے بھارتی مطالم کا سامنا ہے، بھارتی حکومت نے سرینگر میں مسلمانوں کو رمضان میں نماز ادا نہیں کرنے دی، بھارتی حکومت کشمیر میں مسلمانوں کو پُرامن انداز میں اکٹھا ہونے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی اجازت دے، پاکستان جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل کشمیری عوام کی خواہشات و اقوام متحدہ قرار دادوں کے مطابق چاہتا ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی دہشت گرد جماعت سے مذاکرات نہیں کر رہا، اُمید ہے افغانستان پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث جماعتوں کے خلاف کارروائی کرے گا، افغان انتظامیہ سے توقع کرتے ہیں وہ کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف ایکشن لے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں حالیہ حملے کی سختی سے مذمت کرتے ہیں، پاکستان اور ایران نے جنوری کے بعد تمام باہمی رابطہ چینلز کو بحال کر لیا ہے، پاکستان اور ایران میں تجارت کے شبعے میں گہرا تعاون ہے، ابھی ایران کے صدر کے دورے کی حتمی تاریخ نہیں دے سکتے، ایرانی صدر کے جلد دورے کی توقع ہے، ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد میں موجود ہے۔

دفترِ خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کی تاریخ بتانے کی پوزیشن میں نہیں، چینی وزارت خارجہ کا سیکیورٹی وفد پاکستان آیا تھا، چینی وفد کی سربراہی مسٹر پائیتھان کر رہے تھے، چینی وفد کے دورے میں چینیوں کے تحفظ سمیت متعدد امور پر بات کی گئی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان بشام میں دہشت گردی کے حملے کی تحقیقات مکمل کر رہا ہے، پاکستان نے افغانستان سے کہا ہے کہ وہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے یہ بھی کہا کہ سیکریٹری سیکیورٹی ڈویژن نے آستانہ میں ایس سی او کے سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں شرکت کی، سیکریٹری سیکیورٹی ڈویژن نے افغانستان کی صورتِ حال، سائبر سیکیورٹی، دیگر امور پر ایس سی او رکن ممالک سے تبادلۂ خیال کیا۔