لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پارٹی ٹکٹس کا فیصلہ صوبائی صدور کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت کنٹونمٹ بورڈز کے انتخابات سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدور نے ورچوئل نے شرکت کی۔ اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات اور اس میں امیدواروں کی نامزدگیوں سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں سوپروائزری کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات بھرپور جذبے اور بہترین حکمت عملی سے لڑیں گے۔ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کا سونامی آچکا ہے۔ عوام کی نمائندگی اور ان کے حقوق کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ عوام کے حقوق کے لئے جو بھی قربانی دینی پڑے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد پر یقین، اتحاد، تنظیم اور دن رات کی محنت سے پارٹی کو کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں کامیاب کرائیں گے۔ شہبازشریف نے پارٹی عہدیداروں، رہنماوں اور کارکنان کے جذبے اورپارٹی سے نظریاتی وابستگی کو خراج تحسین پیش کیا۔