وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے بلوچستان بھر میں 12 دانش اسکول مزید بنانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ صحبت پور میں مقامی عمائدین سے خطاب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صحبت پور کا میرا یہ دوسرا دورہ ہے ، پہلے میں یہاں آیا تھا تو یہ پورا علاقہ پانی میں ڈوبا ہوا تھا، خوراک اور دیگر اشیا پہنچانا آسان نہیں تھا،میں نے اس طرح کا سیلاب اپنی زندگی میں نہیں دیکھا تھا ، سیلاب کی صورت حال دیکھ کر سوچتا تھا کہ کس طرح یہ لوگ اپنے گھروں کو جائیں گے، اس وقت آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارا معاہدہ ٹوٹ چکا تھا اور انتہائی مخدوش حالات میں ہم نے حکومت سنبھالی تھی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس میں کوئی شک ہی نہیں ہے کہ مہنگائی عروج پر ہے، اربوں ڈالر خرچ کرکے گندم منگوا رہے ہیں، سیلاب نے چیلنج اور بڑھا دیا ہے ، سیلاب متاثرین کے لئے وفاقی حکومت نے 100ارب روپے سے زائد خرچ کئے ہیں اور کئی سو ارب مزید درکار ہیں ۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دانش اسکول کی طرز پر بلوچستان میں 12 اسکول قائم کریں گے، 12اسکولوں میں روشنی کے لئے شمسی توانائی استعمال کی جائےگی، 23 مارچ کو دانش اسکول کا افتتاح کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ 2008 میں پنجاب کے دور دراز علاقوں کو چن کر دانش اسکول بنائے، دانش اسکول کے یتیم بچے امریکا سمیت دیگر ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ خیبرپختونخوا ، سندھ اور بلوچستان میں بچوں کو عام تعلیم دستیاب نہیں ہے ، ہمیں ہر بچے کو اعلیٰ تعلیم فراہم کرنا ہوگی ۔