لاہور(ویب ڈیسک) مدرسہ کے طالب علم سے زیادتی کے ملزم مفتی عزیز الرحمن کی ڈی این اے رپورٹ آ گئی.
ذرائع کے مطابق پنجاب فرانزک لیب کی ڈی این اے رپورٹ کے مطابق ’مفتی عزیز الرحمن کے نمونے میچ نہیں ہوئے‘۔ مفتی عزیز الرحمن کی ڈی این اے رپورٹ فرانزک لیب نے 24 جون کو جاری کی جس کو عدالت میں بھی پیش کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی شارق جمال نے معاملے پر کہا کہ مفتی عزیز الرحمن کیخلاف ویڈیو ثبوت کی بنا پر چالان مکمل کریں گے جبکہ مزید دفعات لگنے سے ملزم سزا سے نہیں بچ پائے گا۔
یاد رہے کہ لاہور کے علاقے صدر میں واقع ایک مدرسہ میں معلم مفتی عزیز الرحمن کی ایک ویڈیو چند دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد مزید چند ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس میں وہ اپنے مدرسے کے طالبعلم سے جنسی زیادتی کر رہے تھے ٗ شاگرد صابر شاہ نے یہ ویڈیو وائرل کی اور ساتھ یہ پیغام بھی دیا تھا کہ اس کی جان کو مفتی عزیز الرحمن اور ان کے بیٹوں کی طرف سے خطرہ ہے۔
جس کے بعد صابر شاہ کی مدعیت میں لاہور پولیس نے مفتی عزیز الرحمن کیخلاف ایف آئی آر درج کر لی۔اور انہیں طویل جدوجہد کے بعد گرفتار کر لیا۔ ملزم کو جوڈیشیل ریمانڈ کے بعد جیل بھیجا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ صابر شاہ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد بھاگ کر سوات چلا گیا جہاں پر اس کا موبائل نمبر چوبیس گھنٹوں تک بند رہا جس کے بعد موبائل آن ہونے پر پولیس نے اس کی لوکیشن نکلوا کر اس تک پہنچی اور اسے ساتھ لاہور میں لاکر اس کی مدعیت میں مفتی عزیز الرحمن کیخلاف مقدمہ درج کیا۔ صابر شاہ نے یہ الزام بھی لگایا کہ مفتی عزیز الرحمن کے تین بیٹے اور ایک شخص عبداللہ اس کو ویڈیو وائرل کرنے کی وجہ سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور اگر اس کی جان کو نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار مفتی عزیز ا لرحمن اور ان کے بیٹے ہوں گے۔