لاہور(پبلک نیوز) پنجاب کابینہ نے ٹریفک چالان میں اضافے کی منظوری دے دی۔
موٹر سائیکل سوار کے لیے قانون شکنی پر چالان میں 300 سے 400 روپے تک اضافہ ہو گا ، موٹر سائیکل بغیر ہیلمٹ کے چلانے پر چالان 200 روپے کی بجائے 600 روپے ہو گا اور سپیڈ، نو پارکنگ، رونگ وے اور رات کو بغیر لائٹس کے موٹر سائیکل چلانے پر جرمانہ 200 سے 400 روپے کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
کم عمر میں موٹر سائیکل چلانے والوں پر بھی چالان 500 روپے کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ رکشہ چلانے والوں کے جرمانوں میں 250 سے 500 روپے تک اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ کار سواروں پر چالان سیٹ بیلٹ، موبائل کے استعمال پر جرمانہ 500 سے 750 تک کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ تیز رفتار ڈرائیونگ پر، پریشر ہارن ،رونگ وے گاڑی چلانے پر جرمانہ 1000 روپے کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر موٹر سائیکل سوار اور رکشہ پر 600 اور گاڑی والے پر 750 کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ جعلی نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکل پر 1000 اور گاڑی پر 2000 روپے تک جرمانہ بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ مسافر گاڑیوں پر ٹریفک چالان 1000 روپے سے 2000 روپے تک مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔