اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہور ہاہے۔ ٹریکٹر،موٹرسائیکل اور سیمنٹ کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کی معیشت کے تمام اشاریے مثبت ہیں۔ مثبت اشاریے دیکھ کر اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکارہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زرعی پیداوارکے اضافے سےکسان خوشحال ہوا۔ اس وقت حکومتی آمدن اخراجات سے زیادہ ہے۔ ہمارا ہر سیکٹر گرو کررہا ہے۔ بلاول بھٹو کو خود کا پتہ نہیں ہے اور آئی ایم ایف کی بات کرتے ہیں۔ پیپلزپارٹی بھی بہت بار آئی ایم ایف میں جاچکی ہے۔ پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں بیرونی قرضوں میں 32فیصد اضافہ کیا تھا۔
وزیرمملکت نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کو جو ڈالر 62روپے پر ملا تھا یہ اسے 95روپے پر لے گئے تھے۔ اگر آپ کو قرضوں کا ڈر ہے تو سوئس بینکوں کا پیسہ واپس لے آئیں۔ بتایاجائے پیپلزپارٹی نے سندھ میں غربت کے خاتمے کیلئے کیا کیا؟ سندھ میں گندم چوری ہو گئی اور کہا گیا کہ چوہے کھا گئے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی میں تو جو جتنی بڑی کرپشن کرے گا اسے اتنا بڑا عہدہ ملے گا۔ بتایا جائے پیپلزپارٹی نے کتنے صنعتی یونٹس لگائے۔