لاہور (پبلک نیوز) پنجاب حکومت نے کورونا ویکسین لگانے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے 677ویکسی نیشن سینٹرز مکمل فعال کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب، محکمہ صحت کے سیکرٹریز اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ لوگوں کی سہولت کے لیے تمام اضلاع میں موبائل ویکسی نیشن کیمپس بھی قائم ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کے 22ہسپتالوں میں 24گھنٹے ویکسی نیشن کی سہولت جلد فراہم کر دی جائے گی۔ نئے ویکسی نیشن سینٹرز کے قیام کے ساتھ ساتھ 148موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔
چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کورونا وباء کا خاتمہ ویکسی نیشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ویکسی نیشن کے اہداف کے حوالے سے غفلت برداشت نہیں۔ ویکسیئن لگوانے کی ترغیب دینے کیلئے علماء کرام سے مدد لی جائے۔
چیف سیکرٹری نے تمام سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی لازمی ویکسی نیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ این سی او سی کی جانب سے دیئے گئے ویکسی نیشن کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز صوبے میں ایک لاکھ 68ہزار سے زائد افراد کو ویکسیئن لگائی گئی۔ صوبہ میں 677ویکسی نیشن سینٹرز میں روزانہ چھ لاکھ 44ہزار افراد کو ویکسیئن لگانے کی صلاحیت ہے۔