وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو گرفتار کرنے کی اجازت طلب

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو گرفتار کرنے کی اجازت طلب
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو ضمانت دینے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے ان دونوں کو گرفتار کرنے کی اجازت مانگ لی ہے۔ تفصیل کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت کے جج ملک ساجد علی اعوان نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ اس حوالے سے پراسکیوٹر اسد اللہ ملک، کمشنر آفس اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ریکارڈ جبکہ پولیس حکام کی جانب سے عدالت کے سامنے کیس کی رپورٹ پیش کی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ عدالت سے مزید وقت دینے کی استدعا ہے کیونکہ ریکارڈ ڈھونڈا جا رہا ہے۔ عدالت نے یہ استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی عدالت آمد کے موقع پر عدالتی احاطے سے عام سائلین کو باہر نکال دیا گیا تھا جبکہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ عدالت نے آج منی لانڈرنگ کیس میں ملک مقصود، طاہر نقوی اور سلمان شہباز کے وارنٹ جاری کرر کھے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل امجد پرویز کا عدالت کے روبرو اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ سالوں کی تفتیش اور تحقیقات کے باجود آج تک ایف آئی کی جانب سے کوئی ٹھوس ثبوت عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا ہے۔ امجد پرویز ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ میرے موکل کیخلاف پچھلے دور حکومت میں بدترین سیاسی انجینیرنگ کی گئی۔ اس بات کی توثیق لاہور ہائیکورٹ نے اپنے ریمارکس میں کر رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دور میں اپوزیشن لیڈرز کو دبانے کیلئے حکومتی مشینری کو استعمال کیا گیا۔ شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے جیل میں تھے تو ایف آئی اے کی جانب سے دونوں کو منی لانڈرنگ کیس میں شامل تفتیش کیا گیا تھا۔ منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کرتے ہوئے معزز جج نے ایف آئی اے حکام سے استفسار کیا کہ کیا دونوں شخصیات کو گرفتار کرنا مطلوب ہے؟ اس پر فیڈرل انوسٹی گیشن (ایف آئی اے) کے وکیل کا عدالت سے کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے، اس لئے دونوں کی گرفتاری ادارے کو مطلوب ہے۔ ایف آئی اے حکام نے عدالت سے استدعا کی کہ منی لانڈرنگ کیس میں ابھی دونوں ملزموں کا مزید کردار ثابت ہونا ہے۔ اس لئے شہباز شریف اور حمزہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کو منسوخ کی جائے۔ دوران سماعت وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اجازت طلب کی اور عدالت سے واپس روانہ ہو گئے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔