لاہور (پبلک نیوز)پی ایس ایل 6 کے لاہور کے تمام میچز بھی کراچی میں کرائے جانے پر غور کیا جا رہا ہے ٗ 10مارچ سے دوسرے مرحلے کے 14 میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں شیڈول ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں 10مارچ سے سیریز کے بقیہ تمام میچز لاہور میں کھیلے جانے ہیں۔لیکن ٹیم پلیئرز اور ایک آفیشل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پی سی بی نے تمام فرنچائز کے ساتھ میٹنگ کی۔اس میٹنگ میں زیادہ تر فرنچائز مالکان کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ سفر سے بچنے اور نیا بائیو سیکوئر ببل بنانے کے بجائے بقیہ میچز بھی کراچی میں کرائے جائیں۔جبکہ اس حوالے سے لاہور قلندرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ لاہور کے میچز کراچی میں کرانے کے حق میں نہیں۔اگر کسی کھلاڑی کو کورونا ٹیسٹ کراچی میں مثبت آیا ہے تو لاہور میں ہونے والے میچز کراچی میں کس طرح کرائے جا سکتے ہیں۔ترجمان لاہور قلندرز نے کہا کہ انہیں لاہور سے میچز کراچی منتقل کرنے پر تحفظات ہیں۔فیصلہ تمام فرنچائز مالکان کیساتھ باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے۔جبکہ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ ابھی تک صرف ایک تجویز ہے۔حتمی فیصلہ باہمی مشاورت سے ہی کیا جائیگا۔