مسائل میں ڈوبے ملک کو بچانے کیلئے ہمیشہ ’’شیر‘‘ کو ہی آنا پڑتا ہے

مسائل میں ڈوبے ملک کو بچانے کیلئے ہمیشہ ’’شیر‘‘ کو ہی آنا پڑتا ہے
لاہور: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسائل میں ڈوبے ملک کو بچانے کے لئے ہمیشہ ’’شیر‘‘ کو ہی آنا پڑتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ ن کا مرکزی تنظیمی اجلاس ہوا ہے ، جس میں پرویز رشید ، خواجہ آصف اور رانا ثناءاللہ سمیت رہنما شریک ہوئے ہیں ، اجلاس میں بھرپور تنظیمی کنونشن پر ڈویژن کے عہدیداروں کی کارکردگی کو سراہا بھی گیا ہے ۔ مریم نواز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ الیکشن ہو یا فسطائیت کا مقابلہ ہو گوجرانوالہ اس میں سب سے آگے ہے ، گوجرانوالہ ٹیم نے پارٹی کی دیگر ڈویژنز کو چیلنج کر دیا ہے ، یقین ہے کہ پارٹی کے ڈویژنز اس چیلنج کو قبول کریں گے ۔ مریم نواز نے کہا کہ ملک جب مسائل میں ڈوب جاتا ہے تب ہی نوازشریف اور شہباز شریف کو آنا پڑتا ہے، ہمیشہ کی طرح شیر ہی قوم کو مسائل اور انہیں پیدا کرنے والے گیدڑوں سے نجات دلائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پتلی تماشہ کرنے والے گھروں میں قید ہو چکے ہیں ، سازشیوں کی سازش ہے کہ معیشت نہ سنبھلے مگر ہم لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کی طرح معاشی اندھیرے بھی ختم کریں گے ۔ اجلاس کے دوران پارٹی قائدین کا کہنا تھا کہ مریم نواز کارکنوں کی آواز بن چکی ہیں ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔