اسمبلی کی بالا دستی کی بات کرنےپر گھرپر چھاپہ مارا گیا ،محمود اچکزئی

اسمبلی کی بالا دستی کی بات کرنےپر گھرپر چھاپہ مارا گیا ،محمود اچکزئی
کیپشن: اسمبلی کی بالا دستی کی بات کرنےپر گھرپر چھاپہ مارا گیا ،محمود اچکزئی

ویب ڈیسک: محمودخان اچکزئی نے کہا کہ اسمبلی کی بالا دستی کی بات کرنے پر گھرپر چھاپہ مارا گیا ،نہ میں نے کوئی جذباتی تقریر کرنی ہے نہ کسی کو بے عزت کرنا ہے، اس پارلیمنٹ میں جاسوسی اداروں کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں پانچویں دفعہ اس ایوان کا ممبر منتخب ہوا ہوں، ہم آئین کی پاسداری اور حفاظت کرنے کا حلف تو لیتے ہیں، یہ آئین ہی ہے جس نے ہم سب کو جوڑے رکھا ہے، پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرنے کی پاداش میں میرے گھر پر حملہ ہوا۔

محمود اچکزئی نے کہا کہ نہ میں نے کوئی جذباتی تقریر کرنی ہے نہ کسی کو بے عزت کرنا ہے، ہمارے گھر پر 15 سال سے لڑائی ٹھونس دی، ہمارے 200 افراد مرے، یہ ملک ایک جماعت سے نہیں چلے گا، ملک کو بحران سے نکالنا ہے تو آئیے مل کر بیٹھیں، اس پارلیمنٹ میں جاسوسی اداروں کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔

محمود خان اچکزئی نے آرمڈ فورسز کا حلف قومی اسمبلی میں پڑھ کر سنادیا اور کہا کہ یہ آئین ہم سب کو جوڑتا ہے، اسے درخور اعتنا نہیں سمجھا جانا چاہئیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آپ کے گھر پر حملہ پولیس نے کیا، آرمڈ فورسز کا اس سے کیا تعلق؟۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرنے کی پاداش میں ہمارے ساتھ یہ سلوک ہوا،ہم اس آئین کی سربلندی کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے،آپ کی جماعت کے لوگوں نے منت کی،مجھے بتایا کہ ہماری جماعت میں ایسے لوگ ہیں جو ان بلاؤں کے ہاتھ میں کھیلتے ہیں،اسپیکر قومی اسمبلی نے بلاؤں کا لفظ کارروائی سے حذف کر دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ذاتیات کی بات ہوئی تو بہت دور تک جائے گی۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ عمران خان، نواز شریف اور بینظیر بھٹو سے رشتہ صرف پارلیمنٹ کی بالادستی کا ہے،زندگی کا مال و متاع آئین کی بالادستی اور پاکستان ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ محمود خان صاحب کل کیا واقعہ ہوا وہ بتائیں؟