( پبلک نیوز) محمد شکیل خان: بھارت کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ ہونی چاہئے، لوگ ہمیں کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کپتان بھارتی کرکٹ ٹیم روہت شرما کا پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز پر بیان آگیا کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ پاک بھارت کرکٹ کا اسٹیٹس کیا ہے، میں ذاتی طور پر تو یہی کہوں گا کہ مجھے کرکٹ کھیلنا ہے کیونکہ میں کرکٹر ہوں، میں چاہوں گا کہ مجھے چیلنج کیا جائے ، میں چیلنج ہونا چاہوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کی ٹیم بہت اچھی ہے ، پاکستان کے پاس نوجوان فاسٹ بولر بڑے مضبوط ہیں پاکستان کی بیٹنگ بہت اچھی ہے مجموعی طور پر ا یک اچھی ٹیم ہے ، پاکستان انڈیا میچ ایک مختلف میچ ہوتا ہے اور ٹیموں سے بڑھ کر لوگ اسے بہت پسند کرتے ہیں ، لوگ ہمیں کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں ، کرکٹر ہونے کے ناطے میں یہی کہوں گا کہ پاک بھارت ایک اچھا مقابلہ ہوتا ہے ۔
بھارتی کپتان روہیت شرما نے بتایا کہ جب آپ آسٹریلیا جاتے ہیں تو آپ کو چیلنج کیا جاتا ہے۔ اسی طرح انگلینڈ میں بھی آپ کو چیلنج کیا جاتا ہے ۔ پاکستان کے فینز کے پیغامات ملتے ہیں ۔ یہ پیغامات مجھے اچھے لگتے ہیں ۔ پاکستان کے فینز کرکٹ سے بہت محبت کرتے ہیں ۔ جب ہم انگلینڈ میں ہوتے ہیں تویہ فینز آتے ہیں اور بڑے احترام سے بتاتے ہیں کہ وہ بھارتی کرکٹرز کو کتنا پسند کرتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ فینز بھارتی کرکٹرز کی بہت تعریف کرتے ہیں یہ سب بہت اچھا لگتا ہے۔