(ویب ڈیسک ) پنجاب کابینہ میں کون کون شامل ہوگا اور حلف برداری کب ہوگی ،اس حوالے سے تفصیلات سامنے آگئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت نے اہم ہدایات دے دی ہیں ۔ پنجاب کابینہ کے ممکنہ وزراء کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ قیادت کی جانب سے مسلم لیگ ق اور آئی پی پی کے ممکنہ وزیر کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب کابینہ کی حلف برداری 48 گھنٹوں میں متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم اورنگزیب کو پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور جنگلات کی وزارت دیے جانے کا امکان ہے، رانا ثنااللہ کو مشیر قانون بنایا جا سکتا ہے، میاں مجتبی شجاع الرحمن کو ایکسائز اینڈ ٹیکنیشن کی وزارت ملے گی۔
ذرائع کے مطابق عظمی بخاری اطلاعات و نشریات کی وزیر ہوں گی، پرویز رشید کو معاون خصوصی، بلال یاسین کو وزیرخوراک بنایا جائے گا ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر ہیلتھ کے وزیر ہوں گے، خالد ججا کو محکمہ انہار کا قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل ایوب کھوکھر کو سپورٹس، یوتھ افیئرز کی وزارت دی جائےگی،اس کے علاوہ عمار احمد لغاری، سلمان نعیم، رانا سکندر حیات بھی کابینہ کا حصہ ہونگے۔