ویب ڈیسک: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا، "ٹیرف لگانا ایک بے وقوفانہ قدم ہے"، کینیڈا بھی امریکا کے خلاف جوابی ٹیرف لگائے گا۔
امریکا کا کینیڈا، میکسیکو اور چین کے ساتھ تجارتی جنگ کا خدشہ ہے۔ واشنگٹن سے امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ ٹیرف کے معاملے پر کانگریس سے خطاب کریں گے، دوسری صدارتی مدت میں یہ ٹرمپ کا کانگریس سے پہلا خطاب ہوگا۔
ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا کی اشیاء پر 25 فیصد اور چین پر 20 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا بھی امریکا کے خلاف جوابی ٹیرف لگائے گا،انہوں نے کہا تھا کہ ہم 155 ارب ڈالر مالیت کی امریکی اشیاء پر 25 فیصد تجارتی ٹیرف لگائیں گے۔
وزیراعظم ٹروڈو کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ٹیرف اُس وقت تک رہیں گے جب تک امریکا ٹیرف ختم نہیں کرتا۔
ٹروڈو نے مزید کہا کہ امریکا نے اپنے قریب ترین اتحادی کینیڈا سے تجارتی جنگ شروع کردی۔ امریکا کینیڈا کے ساتھ تجارتی جنگ اور روس کے ساتھ مثبت تعلقات کی بات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا یہ کیس عالمی تجارتی تنظیم میں دائر کرے گا۔