قراقرم ہائی وے پرپھنسے سیاحوں کیلئے ایف ڈبلیو او کا مسیحا کا کردار

ویب ڈیسک: قراقرم ہائی وے پر پھنسے مسافروں اور سیاحوں کیلئے ایف ڈبلیو او نے مسیحا کا کردار ادا کرتے ہوئے کامیاب کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پچھلے کچھ دنوں سے موسلادھار بارشوں کے باعث قراقرم ہائی وے 56 مقامات جبکہ جگلوٹ-سکردو روڈ کے 19 مقامات پر لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے راستہ مکمل بند ہوگیا تھا۔

لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے قراقرم ہائی وے، جگلوٹ سکردو روڈ اور تنگش روڈ پر ٹریفک شدید بری طرح متاثر ہوئی اور 200 سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں جن میں 1500 سے زائد افراد سوار تھے۔

ایف ڈبلیو او کی ریسکیو ٹیموں نے بھاری مشینری کے ساتھ فوری طور پر متاثرہ مقامات پر پہنچ کر ریسکیو اور کلیئرنس آپریشن کا آغاز کردیا۔ دن رات مسلسل کام کرکے ایف ڈبلیو او نے قراقرم ہائی وے کے 56 مقامات کو مکمل صاف کرکے ٹریفک کو بحال کردیا۔

جگلوٹ، سکردو روڈ کو بھی ایف ڈبلیو او کے دو یونٹس نے مسلسل کام کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا۔ تنگش پر 106 میٹر سے بھی بڑے پتھر گرنے کے باعث سڑک بری طرح بند ہوگئی اور بڑی تعداد میں مسافر گاڑیوں میں پھنس گئے۔ 

تنگش روڈ کی ایک جانب پہاڑ جبکہ دوسری جانب دریا ہے جس کے باعث راستہ کھولنے کا واحد طریقہ کنٹرول دھماکہ تھا۔ ایف ڈبلیو او نے تین دن تک مسلسل 87 دھماکوں کی مدد سے روڈ کو 3 مئی کو مکمل طور پر صاف کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا۔ 

اس دوران ایف ڈبلیو او کی میڈیکل ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر موجود تھیں اور پھنسے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف رہیں۔ خواتین اور بچوں کی سہولت کیلئے ایف ڈبلیو او کا ڈمبوڈاس کیمپ بھی کھول دیا گیا۔

سیاحوں اور مسافروں نے ایف ڈبلیو او  اور پاک آرمی کی انتھک محنت اور بے لوث خدمت کو خوب سراہا۔