آرمی چیف غداری کا ثبوت سامنے لائیں: شہباز شریف

آرمی چیف غداری کا ثبوت سامنے لائیں: شہباز شریف
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم سے کہا ہے کہ اگر ہم کسی غداری کے مرتکب ہوئے ہیں تو اس کے تمام ثبوت عوام کے سامنے لائے جائیں۔ شہباز شریف نے یہ بات سپریم کورٹ کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کا اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجانا چاہیے۔ اپوزیشن میں سے کسی نے غیر ملکی طاقت کو دعوت نہیں دی۔ ہم میں سے کوئی اس جرم کا مرتکب نہیں ہوا۔ لیگی صدر کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی اتنے صاف الفاظ میں بات نہیں کی۔ میں آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اگر ہم میں سے کسی نے غداری کی ہے تو اس کے ثبوت ناصرف عدالت بلکہ قوم کے سامنے بھی لائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری اب عدالت عالیہ سے بھی گزارش ہے کہ وہ اس معاملے کا بغور جائزہ لے۔ اس کیلئے کوئی ایسا خصوصی فورم بنا دیں جس میں سب کچھ عیاں ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اپنے وکلا کے ذریعے بھی یہی مطالبہ رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تو ساڑھے 3 سال سے پی ٹی آئی حکومت اور اس کے وزیراعظم کو جعلی قرار دے رہے تھے لیکن جب آئین کے تحت اس شخص کو ہٹانے کیلئے تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تو ہمیں غدار قرار دیا جانے لگا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے منٹس پر دستخط کیا آرمی چیف نے کئے؟ دیکھیں کیا اس میں اسٹیبلشمنٹ کی منظوری ہے؟ وقت آگیا ہے کہ سپہ سالار اس بات کا عندیہ دیں۔ یہ بھی پڑھیں: عمران خان کیخلاف عدم اعتماد، روس کا بھرپور ردعمل دوسری جانب پاکستانی وزیراعظم عمران خان کیخلاف متحدہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد اور اس معاملے سے جڑے امریکا کے دھمکی آمیز خط پر روس کی جانب سے انتہائی شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ روسی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستانی حکومت گرانے کیلئے امریکی دبائو کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ ماریا زخارووا نے کہا کہ امریکا پاکستان کے معاملات میں دخل اندازی کر رہا ہے۔ ترجمان روسی وزارت خارجہ ماریا زخارووا کا کہنا تھا کہ امریکا نے عمران خان کا دورہ منسوخ کرنے کیلئے دبائو ڈالا لیکن عمران خان نے امریکی دبائو مسترد کر دیا۔ امریکا نے بات نہ ماننے پر عمران خان کو سزا دینے کا فیصلہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا قومی اسمبلی میں آنا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ امریکا نے دبائو ڈال کر پاکستان کی منتخب حکومت کو ہٹانے کی کوشش کی۔ روس نے عمران خان کی حکومت گرانے کیلئے امریکا کے دھمکی آمیز خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی اہلکار نے یوکرین پر پاکستانی قیادت کے موقف کی مذمت کی۔ یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی عہدیدار کی گفتگو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار خیال رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے غیر ملکی عہدیدار کی گفتگو کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت قرار دیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا 37 واں اجلاس ہوا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دفاع،توانائی،اطلاعات و نشریات،خزانہ اور انسانی حقوق کے وفاقی وزرا نے شرکت کی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اس کے علاوہ چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،مشیر قومی سلامتی اور اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔ مشیر قومی سلامتی نے پاکستانی سفیر کی جانب سے باضابطہ ملاقات میں سینئر غیر ملکی عہدیدار کی گفتگو کے بارے میں کمیٹی کو بریفنگ دی اور گفتگو سے پاکستانی سفیر کی جانب سے دفتر خارجہ کو آگاہ کیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے اعلیٰ غیر ملکی عہدیدار کی گفتگو پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اسے غیر سفارتی اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت قرار دیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایسی گفتگو کسی بھی صورتحال میں قابل قبول نہیں ہے۔ پاکستان نے سفارتی روایات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان، اسلام آباد اور مذکورہ ملک کے دارالحکومت میں باضابطہ سفارتی ذرائع سے بھرپور جوابی ردعمل دے گا، قومی سلامتی کمیٹی نے وفاقی کابینہ کی جانب سے پارلیمنٹ کی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کو ان کیمرہ سیشن میں اعتماد میں لئے جانے کی توثیق کر دی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔