لاہور: پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم فوج اور عدلیہ کے ساتھ تلخیاں کم کرنا چاہتے ہیں۔ زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ہم جو تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں اسے وفاقی حکومت بگاڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہم کوئی ماورائے آئین کام نہیں چاہتے، انتخابات چاہتے ہیں، حکومت سے غیر رسمی رابطے ہوئے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق اتحاد ی ہیں اور رہیں گے، وزیراعلیٰ پرویز الہٰی اور مونس الہٰی نے کہا اگر اسمبلی توڑنے میں تاخیر ہوجائے تو حرج نہیں لیکن جب عمران کہیں گے اسمبلیاں توڑدیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں الیکشن کے علاوہ کوئی نظام استحکام نہیں دے سکتا، ہماری خواہش ہے 20 مارچ سے پہلے الیکشن کا عمل مکمل ہوکر نئی حکومتیں آجائیں۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 3 سال کی کم ترین سطح پر ہے، تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے رہی۔