اسلام آباد: ( پبلک نیوز) سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے چھٹے جائزہ کی کامیابی کے بعد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے 1 اعشاریہ 053 بلین ڈالر موصول ہوگئے ہیں۔ سٹیٹ بینک کے ٹویٹ کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے چھٹے جائزے کی کامیاب تکمیل کے بعد سٹیٹ بینک کو ایک اعشاریہ صفر 53 بلین ڈالر کی اگلی قسط موصول ہوئی ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے بدھ کو پاکستان کے لیے ای ایف ایف پروگرام کی چھٹی قسط کی منظوری دی تھی۔ پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے عملے نے ای ایف ایف کے تحت چھٹے جائزے کو مکمل کرنے کے لئے درکار پالیسیوں اور اصلاحات کے لئے سٹاف کی سطح پر ایک معاہدہ کیا تھا، تاہم یہ معاہدہ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط تھا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فنڈ نے جولائی 2019 میں پاکستان کے لئے 6 ارب ڈالر، تین سالہ قرض کی سہولت کی منظوری دی تھی تاکہ ملک کی معیشت کی بحالی میں مدد ملے۔