مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ہی پاکستان کا حتمی مقصد ہے

مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ہی پاکستان کا حتمی مقصد ہے
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات عالمی قوانین بشمول اقوام متحدہ کے چارٹر، چوتھے جنیوا کنونشن اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی قانون کے مطابق ریاست جموں وکشمیر کے متعلق حتمی فیصلہ صرف کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے جمہوری طریقہ کار کے ذریعے ہی کیا جائے گا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم کشمیریوں کو خود ارادیت کے جائز حق کے حصول کیلئے بے مثال عزم پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کامل یقین ہے کہ کشمیری عوام جبر اور ناجائز قبضے کے خلاف اس جرات مندانہ جدوجہد میں سرخرو ہوں گے۔ تنازعہ جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانے مسائل میں سے ایک ہے۔ یہ تنازع بھارتی ہٹ دھرمی اور اس کی جانب سے بنیادی انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کی وجہ سے حل نہ ہو سکا۔ https://twitter.com/PresOfPakistan/status/1489811074228576260?s=20&t=uJYv6dw65qhpQYYhgovm8Q صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیری عوام گذشتہ سات دہائیوں سے مشکل حالات، دہشت اور ظلم کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔ اس عرصے میں کشمیری عوام نے مستقل مزاجی سے بھارتی بربریت کا مقابلہ کیا۔ بھارت نے زیر تسلط جموں وکشمیر میں اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے ہر طرح کے غیر انسانی حربے اور سفاکانہ قوانین استعمال کئے۔ بھارت کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا استعمال کر رہا ہے اور ماورائے عدالت قتل، خلاف قاعدہ و ظالمانہ حراست اور جعلی مقابلوں میں ملوث ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں، حراستی تشدد، جبری گمشدگیوں، کشمیری قیادت کی نظر بندی، پیلٹ گنوں کے استعمال اور گھروں کو مسمار کرنے میں ملوث ہے۔ https://twitter.com/PresOfPakistan/status/1489814287551893507?s=20&t=uJYv6dw65qhpQYYhgovm8Q انہوں نے کہا کہ 9 لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر کو ایک بڑی جیل میں بدل دیا ہے۔ ان تمام ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود آر ایس ایس اور بی جے پی کی کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کنٹرول کرنے کی کوشش ناکام رہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کشمیری مسلمانوں کی زمینیں ضبط کرکے اور وادی میں غیر کشمیریوں کی آباد کاری سے مسلمانوں کی تقلیلِ آبادی کا آغاز کر چکا ہے۔ ان بھارتی اقدامات سے خطے میں امن کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ کشمیر میں بھارتی اقدامات سے جنوبی ایشیا اور دنیا میں سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے دوبارہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا محاسبہ کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔ تنازعہ جموں وکشمیر کا منصفانہ اور دیرپا حل ہی خطے میں پائیدار امن اور ترقی کا واحد راستہ ہے۔ https://twitter.com/PresOfPakistan/status/1489813532556378115?s=20&t=uJYv6dw65qhpQYYhgovm8Q صدر مملکت کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلایا کہ کہ ہم جموں و کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں اور حق خود ارادیت کی اس منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازع جموں و کشمیر کا پرامن حل ہی پاکستان کا حتمی مقصد ہے۔