(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی نے بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی کو ووٹ دے کر جتوایا ، الیکشن جیت پر پورے کراچی کا نقشہ بدل دیں گے۔
سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی انتخابی ریلی کیماڑی پہنچ گئی جہاں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں کہ الیکشن جیت کر اس شہر کی خدمت کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کوئی زبان اور کوئی مذہب کی بنیاد پر کراچی کو تقسیم کرنا چاہ رہا ہے۔ کراچی ہم سب کا ہے، کسی کو شہر میں نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتیں اپنے مقصد کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں، میں کراچی کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ ہماری وفاقی حکومت ہو گی تو کراچی کے تمام مسئلے بھی حل ہوں گے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ خواتین ووٹ ڈالنے کے لیے ضرور گھروں سے نکلیں، ملک میں مقابلہ دو جماعتوں کے درمیان میں ہے، عوام کو سمجھانا ہے کہ کسی آزاد امیدوار پر ووٹ ضائع نہ کریں، آزاد امیدوار سودا کر کے حکومت میں شامل ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے امیدوار منتخب ہوں گے تو حلقے کے عوام کے مسائل مجھ تک پہنچائیں گے، مسائل کا حل نکالنا ہے کہ تو ایک بار پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔ کیماڑی سے قادر پٹیل اور آصف خان میرے نمائندے ہیں، دونوں امیدوار ہاتھ اٹھا کر وعدہ کریں وہ عوام کے مسائل حل کریں گے، کچا وعدہ نہیں کرنا بی بی والا وعدہ کرنا۔
کراچی میں پاور شو کیلئے بلاول ہاؤس کلفٹن سے شروع ہونے والی پیپلز پارٹی کی ریلی میں بڑی تعداد جیالے شریک ہیں ۔ بلاول بھٹو کے ہمراہ شیری رحمن ، سابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور دیگر رہنما ٹرک پر موجود ہیں ۔بلاول کی جھلک دیکھنے کیلئے شہری چھتوں پر موجود اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر رہے ہیں ۔