بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بارش سے تباہی، کچے مکانات منہدم

بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بارش سے تباہی، کچے مکانات منہدم
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بارش نے تباہی مچا دی، کچے مکانات منہدم ہوگئے، کئی علاقوں میں بارش کا پانی سیلابی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے اعلیٰ سطح کا طلب کرلیا۔ ایران سے داخل ہونیوالا سسٹم کراچی پہنچ گیا، شہر قائد میں بھی وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 7 جنوری تک بارش کا امکان ہے۔ ایران سے داخل ہونے والے سسٹم نے بلوچستان میں تباہی مچادی، مکران ڈویژن کے ساحلی علاقوں کیچ، گوادر، تربت، بلیدہ، تمپ، بلنگور کے ندی نالوں میں طغیانی آنے سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، سڑکیں اور گلیاں نہروں کا منظر پیش کررہی ہیں۔ بارشوں سے کچے مکانات منہدم ہوگئے، گاڑیاں ڈوب گئیں، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر نکاسی آب کا کام شروع کردیا، بھاری مشینری سے بند راستے کھولنے سمیت متاثرین کو امدادی اشیاء پہنچائی جارہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رخشاں، قلات، ژوب، سبی ڈویژنز کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، کئی علاقوں میں بارش کا پانی سیلابی صورت اختیار کرتا جارہا ہے، کوئٹہ میں سڑکوں پر کھڑا بارش کا پانی شہریوں کیلئے زحمت بن گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مکران میں مکران، کوئٹہ، قلات سمت مختلف علاقوں میں اب تک 118 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی، آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ہے۔ صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ بلوچستان نے اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی طلب کرلیا۔ دوسری جانب بارش کا سسٹم آج کراچی میں داخل ہوا، جس کے بعد منگل کی شام کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں 4 سے 7 جنوری تک ہلکی اور تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے، ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں صدر، آئی آئی چندريگر روڈ، نیٹی جیٹی پل، اولڈ سٹی ايريا، شارع فيصل، لياقت آباد، گرومندر، ايم اے جناح روڈ، بفر زون، نارتھ ناظم آباد، ایف بی ایریا، ملیر، لانڈھی، سپر ہائی وے، قائد آباد سمیت اطراف کے علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کراچی میں موسم سرما کی دوسری بارش کے باعث سردی کی شدت ميں بھی اضافہ ہوگیا، اس سے قبل گزشتہ رات سے ہی شہر میں تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا نیا مغربی سلسلہ سابقہ سسٹم سے زیادہ طاقتور ہے، جس کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں 7 جنوری تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ نے بارشوں کی پیشگوئی پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج (منگل کو) کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، رات کے اوقات میں درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بادل کل (بدھ کو) بھی برسیں گے، ہوا کے ساتھ تیز بارش کے بعد شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کے بعد شہر میں الیکٹرک کے 250 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق شادمان، بفرزون، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، گولیمار، پاک کالونی، پاپوش اور وحید آباد میں بجلی غائب ہوگئی۔ کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں، کنڈوں اور غیر قانونی کنکشنز کی بہتات والے علاقوں میں حفاظتی نقطۂ نظر سے بجلی بند کی گئی ہے۔ دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ شہری فضائی آلودگی (سموگ) سے نجات پا کر کھلی فضا میں سکھ کا سانس لے رہے ہیں۔

Watch Live Public News