کراچی: الیکشن کمیشن نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سندھ کا نوٹس لے لیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے گریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم کے فور منصوبے کے آغاز کے لیے ٹھٹھہ کا دورہ کرنا ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ٹھٹھہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔ جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے فور کا سنگ بنیاد رکھنے آرہے ہیں، ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابات کے شیڈول کے بعد یہ دورہ نہیں کیا جاسکتا۔ ڈی آر او کا کہنا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جاچکا ہے، انتخابات تک کسی منصوبے کا آغاز یا افتتاح نہیں ہوسکتا ہے۔ خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت پولنگ 24 جولائی کو ہو گی۔