لاہور: محسن نقوی نے سی بی ڈی مین بلیووارڈمیں پانی کی نکاسی کا کام سی بی ڈی سے واپس لینے کا حکم دیا اور نکاسی آب کا کام واسا کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج شدید بارش میں لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا 5گھنٹے تک ہنگامی دورہ کیا۔ محسن نقوی نے اپنی تمام سرکاری مصروفیات ترک کرکے موسلا دھار بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جا ئزہ لیا اورنکاسی آب کے لئے موقع پر ہی کمشنر لاہورڈویژن اورایم ڈی واسا کو ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم، گلبرگ، لبرٹی، کلمہ چوک انڈر پاس، گارڈن ٹاؤن، فیروز پور روڈ، قرطبہ چوک، ہربنس پورہ انڈرپاس،لکشمی چوک، ریلوے اسٹیشن، سرکلر روڈ، اردو بازار، اسلام پورہ،ملتان روڈ،سمن آباد،گلشن راوی،بند روڈ،یتیم خانہ چوک،علامہ اقبال ٹاؤن میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ چند گھنٹے میں ریکارڈ بارش ہوئی۔انتظامیہ اور واسا کو متحرک کردیا ہے اور نکاسی آب کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔شہریوں کی مشکلات کا احساس ہے۔ محسن نقوی نے ہربنس پورہ انڈر پاس میں پانی کی جلد نکاسی کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنی جلد ہو سکے، ہربنس پورہ انڈر پاس کو کلیئر کیا جائے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 2 گھنٹے تک ہربنس پورہ انڈر پاس میں نکاسی آب کا کام مکمل ہو جائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ نے لکشمی چوک میں پانی کی نکاسی کا کام جلدمکمل کئے جانے پر انتظامیہ اور واسا کی کارکردگی کو سراہا۔ نگران وزیر اعلی پنجاب نے اردو بازار کے سامنے روڈ اور اسلام پورہ میں مزید مشینری کے ذریعے کھڑے پانی کی نکاسی کے لئے ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے اسلام پورہ میں دکانداروں اور رہائشیوں سے ملاقات کی اور نکاسی آب کے کام کے حوالے سے پوچھا۔ اسلام پورہ میں شہریوں نے نکاسی آب کے کام میں سست روی کی شکایات کیں جس پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نکاسی آب کے کام کو جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ میں صبح سے فیلڈ میں ہوں۔آپ کی مشکل میری مشکل ہے۔واسا کو ہدایت کی ہے کہ مزید وسائل لگا کر نکاسی آب کے کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ محسن نقوی نے گارڈن ٹاؤن،گلبرگ اورسی بی ڈی مین بلیووارڈ انڈرپاس کابھی دورہ کیا۔ محسن نقوی نے سی بی ڈی مین بلیووارڈ انڈر پاس سے پانی کی نکاسی کیلئے گلبرگ میں پمپنگ سٹیشن کا بھی معائنہ کیااورکلمہ چوک سے لبرٹی کی جانب انڈر پاس میں پانی کی نکاسی کے کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے سی بی ڈی مین بلیووارڈمیں پانی کی نکاسی کا کام سی بی ڈی سے واپس لینے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے نکاسی آب کا کام واسا کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ واسا فی الفورچارج سنبھال کر نکاسی آب کے کام کو رات تک مکمل کرے۔سی بی ڈی مین بلیووارڈ انڈر پاس میں نکاسی آب کیلئے مزید پمپس نصب کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے تمام پراجیکٹس کی کلیئرنس آئندہ سے واساکی سرٹیفکیشن سے مشروط ہوگی۔پورے شہر میں پانی کی کی نکاسی کا کام تسلی بخش ہے تاہم اس انڈر پاس میں پانی کا کھڑا ہونا غفلت کے زمرے میں آتاہے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر کو اپنی نگرانی میں کام کرانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے چیف ٹریفک آفیسر لاہور کو تمام شفٹ کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔شہریوں کی مدد کیلئے ٹریفک وارڈن فیلڈ میں فعال انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارشی پانی میں پھنسی گاڑیوں کو فوری نکالا جائے اور شہریوں کی مدد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،سیکرٹری ہاؤسنگ،کمشنر لاہور،ڈپٹی کمشنر لاہور،ایم ڈی واسا اورسی بی ڈی کے حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔