معروف اداکار مسعود اختر قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے

معروف اداکار مسعود اختر قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے
لاہور: ( پبلک نیوز) معروف اداکار مسعود اختر قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے ہیں۔ مرحوم علالت کے باعث لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ مسعود اختر کا شمار پاکستان کے نامور اداکاروں میں ہوتا تھا۔ مسعود اختر 5 ستمبر 1940ء کو ساہیوال میں پیدا ہوئے۔ انیس سو ساٹھ کی دہائی میں فنکارانہ زندگی کا آغاز کیا اور جلد ہی سٹیج کے مشہور اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔ ان کے فن کو نکھارنے میں نذیر ضیغم نے بڑا نمایاں کردار ادا کیا۔ ٹیلی وژن کے متعدد ڈراموں میں بھی کام کیا، چند فلمیں بھی کریڈٹ پر ہیں۔ حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 2005ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ مسعود اختر نے سٹیج ڈرامہ پیسہ بولتا ہے سے شہرت حاصل کی۔ وہ خداداد صلاحیتوں سے دنوں میں ہی سیٹج، ریڈیو، ٹی وی اور فلم منفرد اداکار بن گئے تھے۔ مرحوم کی عمر 80 سال تھی۔ مرحوم کے اکلوتے بیٹے علی رضا کچھ عرصہ قبل انتقال کر گئے تھے۔ پسماندگان میں بیوہ اور بیٹیوں کے علاوہ ہزاروں پرستار چھوڑے ہیں یاد رہے کہ ٹی وی ڈراموں سے مقبولیت پانے والے فنکار مسعود اختر نے کئی فلموں میں ولن کی حیثیت سے کام کیا۔ فلم ’سنگدل‘ میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا تھا۔

Watch Live Public News