اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت انضمام شدہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لئے پرعزم ہے۔ مشکل مالی حالات اور کورونا کے باوجود رواں سال کے لئے وفاق کی جانب سے انضمام شدہ علاقوں کے لئے 48 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاری فنڈز کی فراہمی ہمارے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وزیراعظم عمران کی زیر صدارت انضمام شدہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں کے حوالے سے آئندہ سال کے بجٹ میں مقامی قیادت اور عوامی نمائندگان کی مشاورت سے ان منصوبوں کو ترجیح دی جائے جو عوام کی فوری ضرورت ہیں اور براہ راست اور کم ترین مدت میں عوام کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گےوزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ انضمام شدہ علاقوں کے حوالے سے اب تک 217 منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے ان میں تعلیم، صحت، مواصلات، آب پاشی، سپورٹس، لاء اینڈ جسٹس، زراعت، توانائی، پینے کا صاف پانی وغیرہ جیسے منصوبے شامل ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کی مانیٹرنگ اور مقررہ اہداف کے بروقت حصول پر نظر رکھنے کے لئے وفاق اور صوبائی حکومت کے نمائندگان پر مبنی کمیٹی تشکیل دی جائے ٗانضمام شدہ علاقوں میں جاری ترقیاتی عمل کے حوالے سے عوام کو ساتھ ملایا جائے تاکہ ترقیاتی عمل عوام کی حمایت سے آگے بڑھایا جائے ٗعوام کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی توجہ دی جائے۔