وزیر اعظم کا افغانستان میں سیلاب سے قیمتی جانوں، مالی نقصانات پر اظہار افسوس

وزیر اعظم کا افغانستان میں سیلاب سے قیمتی جانوں، مالی نقصانات پر اظہار افسوس
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کے 10 صوبوں میں سیلاب سے قیمتی جانوں اور مالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے افغان عبوری حکومت اور عوام کے ساتھ یک جہتی کا اعادہ، جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں اور دیگر متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے افغان عوام کی ہنگامی امداد کے لئے آگے آئے ،او آئی سی افغان ہیومینیٹیرین ٹرسٹ کے فورم سے متاثرہ افغان عوام کی مدد کی کوششوں کو تیز کرے ،سیلاب کے نتیجے میں افغانستان میں پہلے سے جاری انسانی بحران میں مزید شدت پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بروقت اقدامات نہ ہوئے تو جانی نقصانات بڑھنے کا خطرہ ہے، ہنگامی اقدامات درکار ہیں،خوراک، طبی امداد، بے گھر افراد کو پناہ گاہوں کی فراہمی کے لئے عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ افغانستان کی مدد کا پروگرام شروع کرے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان کی مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہیں، ہر ممکن امداد کریں گے ،افغانستان کے سیلاب سے متاثرہ عوام کو امداد کی فراہمی کا حکم دیا ہے، متاثرین کے لئے ہنگامی امداد بھجوا رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔