ڈبلیو ایچ او نے کورونا کی وباکیلئے نافذ عالمی ایمرجنسی ختم کردی

ڈبلیو ایچ او نے کورونا کی وباکیلئے نافذ عالمی ایمرجنسی ختم کردی
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے 3 سال کے بعد کورونا وباء کیلئے عوامی صحت کے لیے عالمی ایمرجنسی کی حیثیت ختم کر دی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی ایمرجنسی کمیٹی کا اجلاس 4 مئی کو ہوا تھا جس میں عالمی ایمرجنسی ختم کرنے کی سفارش کی گئی تھی،جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے اسکا اعلان کیا۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے ایک پریس کانفرنس کی ، اس دوران ان کا کہنا تھا کہ ایک سال سے زائد عرصے سے کووڈ کی وبا کی شدت میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا تھا۔ عالمی سطح پر ویکسینیشن اور کووڈ سے بیمار ہونے کے باعث لوگوں میں اس بیماری کے خلاف مدافعت بڑھی جبکہ اموات کی شرح گھٹ گئی اور طبی نظام پر دباؤ کم ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس رجحان سے دنیا کے بیشتر ممالک کو کووڈ 19 کی وبا سے قبل کی زندگی میں لوٹنے کا موقع ملا۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے کہا کہ'اسی کو دیکھتے ہوئے میں اعلان کرتا ہوں کہ کووڈ 19 کی وبا اب عالمی ایمرجنسی نہیں رہی'۔ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ کووڈ سے عالمی صحت کو لاحق خطرہ ختم ہوگیا، گزشتہ ہفتے یہ بیماری ہر 3 منٹ میں ایک موت کا باعث بنی، یہ وہ اموات ہیں جن کا ہمیں علم ہوا۔ یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے 30 جنوری 2020 کو عالمی ایمرجنسی قرار دیا تھا جب سے اس کی حیثیت برقرار تھی۔ کورونا وائرس کے باعث لگ بھگ 70 لاکھ افراد ہلاک ہوئے جبکہ کروڑوں افراد کووڈ سے متاثر ہوئے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔