رکشہ ڈرائیور کی بیٹی کیرم کی عالمی چیمپیئن کیسے بنی؟

رکشہ ڈرائیور کی بیٹی کیرم کی عالمی چیمپیئن کیسے بنی؟

(ویب ڈیسک )انڈیا کے شہر چنئی کی 17 سالہ کاظمہ نے امریکہ میں ہونے والی ورلڈ کیرم چیمپیئن شپ کی تین کیٹیگریز میں گولڈ میڈل جیت کر نہ صرف اپنے ملک کا نام روشن کیا بلکہ اپنے والدین کے خواب پورے کر کے بھی ان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

کاظمہ کے والد ایک آٹو رکشہ چلاتے ہیں اور خود بھی کیرم کے کھیل کا شوق رکھتے ہیں۔

کاظمہ نے کیلیفورنیا میں منعقدہ حالیہ ورلڈ کیرم چیمپئن شپ میں سنگلز، ڈبلز اور ٹیم گیمز کی تین کیٹیگریز میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔

ان کے والد محبوب پاشا کا کیرم کا شوق کاظمہ کے عالمی چیمپئن کے سفر کی وجہ بنا ہے۔ کاظمہ کے بڑے بھائی عبدالرحمان نے کیرم میں قومی سطح پر کامیابی حاصل کی ہے۔

وہ جب قومی چیمپیئن بنے تو ان کے اعزاز میں اہلِ علاقہ نے ایک تقریب کا انعقاد کیا تھا جس دوران بھائی کی پذیرائی دیکھ کر کاظمہ کے دل میں بھی چمپیئن بننے کی خواہش پروان چڑھی۔

’جب میں نےدیکھا کہ لوگ ان کو کتنی عزت دے رہے ہیں تو میں نے بھی ٹھان لی کہ کیرم کھیل کر چیمپیئن بنوں گی۔‘

’میرے والد رکشہ چلاتے ہیں اور میں بہت خوش ہوں کہ میرے والد کا خواب پورا ہو گیا ہے۔‘

یہ کہنے کے دوران انھوں نے سامنے لگے آئینے کی طرف اشارہ کیا جہاں چار سال پہلے لکھی گئی ان کے ہاتھ کی تحریر تھی ’میں عالمی چیمپئن ہوں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انھیں یقین تھا کہ وہ گولڈ میڈل جیت لیں گی تو انھوں نے کہا کہ ’بے شک اسی لیے میں جیتنے میں کامیاب رہی۔ انھوں نے کہا کہ میں نے عالمی چیمپیئن بننے کے ہدف کے ساتھ کھیلا تھا۔‘

Watch Live Public News