لیورپول:ڈرائیور نے کار ہجوم پر چڑھا دی، 4 بچوں سمیت درجنوں افراد زخمی

لیورپول:ڈرائیور نے کار ہجوم پر چڑھا دی، 4 بچوں سمیت درجنوں افراد زخمی
کیپشن: لیورپول:ڈرائیور نے کار ہجوم پر چڑھا دی، 4 بچوں سمیت درجنوں افراد زخمی

ویب ڈیسک: لیورپول میں پیر کی شام اس وقت خوشیوں کا سماں ماتم میں بدل گیا جب پریمیئر لیگ ٹرافی پریڈ کے دوران ایک کار ہجوم پر چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق مرسائیڈ پولیس  نے بتایا کہ واقعے کے بعد 53 سالہ برطانوی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو لیورپول کا رہائشی ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ واقعے کے محرکات کے حوالے سے قیاس آرائیاں نہ کریں۔

ریسکیو حکام کے مطابق 27 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے ایک بچہ اور ایک مرد شدید زخمی ہیں۔ فائر بریگیڈ کے مطابق، تین افراد اور ایک بچے کو گاڑی کے نیچے سے نکالا گیا، جب کہ 20 افراد کو جائے وقوعہ پر طبی امداد دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ گرفتار شخص ہی ممکنہ طور پر کار کا ڈرائیور تھا۔

یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہزاروں فٹبال شائقین لیورپول ایف سی کی پریمیئر لیگ جیتنے کی خوشی میں شہر کی سڑکوں پر موجود تھے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سرمئی گاڑی تیز رفتاری سے لوگوں پر چڑھ دوڑی۔

عینی شاہد نے برطانوی میڈیا کو بتایا، ’’گاڑی اچانک دائیں جانب سے آئی اور سیدھا ہجوم پر چڑھ گئی… ہر طرف چیخ و پکار تھی، لوگ زمین پر گرے ہوئے تھے، کچھ بے ہوش، منظر دل دہلا دینے والا تھا۔‘‘

برطانوی وزیراعظم کا اظہار افسوس:

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ایمرجنسی سروسز کی فوری کارروائی کو سراہا۔

لیورپول فٹبال کلب اور اس کے مقامی حریف ایورٹن ایف سی سمیت دیگر اداروں نے بھی زخمیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ لیورپول یونیورسٹی ہاسپٹلز گروپ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر ہسپتال کے کال سینٹر پر رابطہ نہ کریں، کیونکہ لواحقین کو خود اطلاع دی جائے گی۔

حکام کے مطابق اب جائے وقوعہ کو کلیئر کر دیا گیا ہے اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

Watch Live Public News