اسلام آباد: فیض آباد میں احتجاج کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کی حدود فیض آباد اور اس کے اطراف میں احتجاج کرنے والے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے کارکنان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔ تھانہ آئی نائن پولیس نے دو الگ ، الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ عامر کیانی اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کے خلاف بھی مقدمہ درج ہوا ہے اس کے علاوہ 250 سے زائد پی ٹی آئی کے کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دونوں مقدمات پولیس کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں۔ درج ہونے والے مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ فیض آباد اور آئی جے پی روڈ پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے مظاہرہ کیا تھا ، مظاہرین اسلام آباد پولیس اور ایف سی پر پتھراؤ کیا تھا جب کہ مظاہرین کی جانب سے موٹرسائیکلیں جلا دی گئیں اور املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز فیض آباد میں تحریک انصاف کے سیکڑوں کارکنان نے جمع ہو کر احتجاج کیا تھا ، جو کہ دیر رات تک جاری رہا تھا ۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لیے شیلنگ بھی کی تھی۔ مظاہرین نے اسلام آباد میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی تھی تاہم پولیس کی جانب سے انہیں روکا گیا تھا۔