نیشنل ٹی20 کا دوسرا مرحلہ 6 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا

نیشنل ٹی20 کا دوسرا مرحلہ 6 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا
لاہور ( پبلک نیوز) نیشنل ٹی ٹونٹی کا دوسرا مرحلہ 6 اکتوبر بروز بدھ سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔ آٹھ سال بعد لاہور دوبارہ نیشنل ٹی ٹونٹی کے میچز کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل ٹورنامنٹ کا ایڈیشن 13-2012 قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے اٹھارویں ایڈیشن کے ابتدائی 18 میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے۔ پنڈی میں تماشائیوں کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔ ایونٹ کے دوران کرکٹ فینز کو مخصوص تعداد میں اسٹیڈیم میں داخلے کی مکمل اجازت ہے۔ وہ چاہیں تو گھر یا دفاتر میں بیٹھ کر پی سی بی یوٹیوب چینل پر بھی یہ میچز براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔ لاہور مرحلے کاپہلا میچ میزبان ہوم سٹی سینٹرل پنجاب اور ٹیبل ٹوپر جی ایف ایس سندھ کےمابین کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں آٹھ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب تیسرے اور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ بدھ کو شیڈول دوسرے میچ میں ناردرن اور بلوچستان کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم 71.5 کی اوسط سے 286 رنز بناکر اب تک ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر رہے۔ بابر اعظم ایونٹ میں ایک سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے کم اننگز میں 7000 رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔