ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ ارمینا خان کی کار کو ٹرک کے ٹکر مارنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خوش قسمتی سے اداکارہ اس کار حادثے میں مکمل طور پر محفوظ رہی ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے مختلف اسٹوریز شیئر کرتے ہوئے گاڑی کے حادثے سے متعلق مداحوں کو بتایا ہے۔
انہوں نے حادثے سے متعلق فالوورز کو آگاہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم بس مرنے والے تھے، ایک ٹرک نے ہماری چھوٹی سی کار کو ٹکرا مار دی، میں یہ واقعہ سنانے کے لیے زندہ بچ گئی ہوں، الحمد لِلّٰہ ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا، لیکن میں ابھی تک کانپ رہی ہوں۔
ارمینا خان نے ایک اور انسٹاگرام اسٹوری میں گاڑی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ٹرک نے اس طرف سے بھی ٹکر ماری جہاں ایلیمی بیٹھی ہوئی تھی لیکن میں نے حفاظت کے لیے دعاؤں کا حصار کیا ہوا تھا اس لیے ہم اب تک زندہ ہیں۔
انہوں نے انسٹا گرام اسٹوری میں نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے اور اپنی دعاؤں میں انہیں اور اہلِ خانہ کو یاد رکھنے کی درخواست بھی کی ہے۔ اداکارہ نے اس حادثے میں محفوظ رکھنے پر اللّٰہ تعالیٰ کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ ارمینا خان کافی عرصے اسکرین سے دور ہیں۔ اداکارہ 2020ء میں فیصل رضا خان کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئیں تھی، ان کی ایک بیٹی ایمیلی اسلا ہے، جو 2022ء میں پیدا ہوئی ہے۔