کول کتہ ڈاکٹر زیادتی کیس:پولیس نے رشوت کی پیشکش کی، والدین

kolkatta dr rape case
کیپشن: kolkatta dr rape case
سورس: google

ویب ڈیسک :بھارت  کے شہر کولکتہ میں ریپ کے بعد قتل ہونے والی ٹرینی ڈاکٹر کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے مقدمے کو دبانے کے لیے ابتدا میں انہیں رشوت دینے کی کوشش کی تھی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کے والدین کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج میں ہونے والے احتجاج میں شامل ہوئے جہاں ان کی بیٹی کی 9 اگست کو لاش ملی تھی۔

انہوں نے پولیس پر الزام لگایا ہے کہ وہ مبینہ طور پر تفتیش مکمل کیے بغیر کیس کو بند کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ٹرینی ڈاکٹر کے والد نے احتجاج کے شرکا سے اپنے خطاب میں کہا کہ ’ پولیس نے شروع سے ہی کیس کو دبانے کی کوشش کی، ہمیں لاش دیکھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جایا گیا اور ہمیں پولیس سٹیشن میں انتظار کرنا پڑا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’بعد میں جب لاش ہمارے حوالے کی گئی تو ایک سینیئر پولیس اہلکار نے ہمیں رقم کی پیشکش کی جسے ہم نے فوری طور پر ٹھکرا دیا۔‘

ٹرینی ڈاکٹر کے والدین کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیٹی کے لیے انصاف کے لیے لڑنے والے جونیئر ڈاکٹروں کی حمایت کے لیے احتجاج میں شامل ہو رہے ہیں۔

کولکتہ پولیس کو اس حساس معاملے سے نمٹنے کے لیے اپوزیشن کے ساتھ ساتھ شہریوں کی طرف سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس قسم کے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ ملزم سنجے رائے سرکاری ہسپتال کے ہر کونے تک بلا روک ٹوک رسائی کیسے رکھتا تھا۔ کچھ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ پیسوں کے عوض مریضوں کے لیے ہسپتال کے بستروں اور دیگر سہولیات کا غیر قانونی طور پر بندوبست کرتا تھا۔

قتل کے مرکزی ملزم سنجے رائے نے پولیس کو بتایا تھا کہ اس نے جرم سے ایک دن قبل آٹھ اگست کو وارڈ میں ٹرینی ڈاکٹر کا پیچھا کیا تھا۔

ہسپتال میں سینے کے وارڈ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 33 سالہ مجرم ٹرینی ڈاکٹر اور چار دیگر جونیئر ڈاکٹرز کو تاڑ رہا ہے۔

زیادتی کا شکار ٹرینی ڈاکٹر 9 اگست کو رات ایک بجے آرام کی غرض سے سیمینار ہال گئیں اور ایک جونیئر ڈاکٹر نے ڈھائی بجے اِسی ہال میں ان سے بات کی اور بات چیت کے بعد وہ دوبارہ سو گئیں۔

ٹرینی ڈاکٹر صبح مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔ ملزم سنجے رائے کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں صبح چار بجے سیمینار ہال کے احاطے میں داخل ہوتے دیکھا گیا تھا۔

اُدھر کوکلتہ ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ کیس سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو سونپ دیا جائے۔ پیر کو سی بی آئی نے آر جی کار میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل ڈاکٹر سندیپ گھوش کو اسٹیبلشمنٹ میں مبینہ مالی بدانتظامی کے سلسلے میں گرفتار کیا۔

مغربی بنگال اسمبلی نے رواں ہفتے ’اینٹی ریپ بل‘ بھی منظور کیا ہے جس میں متاثرہ شخص کی موت یا مستقل معذوری پر بل میں ریپ کے مرتکب افراد کی سزائے موت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ 

Watch Live Public News