اسلام آباد(پبلک نیوز) وفاقی کابینہ میں رودوبدل کا امکان چند روز میں متوقع ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی اہم وزارتیں تبدیل ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق ناقص کارکردگی کے حامل وزراء کے قلم دان تبدیل کئے جائیں گے، متوقع طور پر تبدیل ہونے والے وزراء کی ناراضگی کے پیش نظرکابینہ کے ردوبدل میں مزید تاخیر کر دی گئی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قریبی رفقاء سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت انسداد منشیات، وزارت فوڈ سیکیورٹی، وزارت توانائی میں تبدیلی پر مشاورت کی گئی ہے جبکہ وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت ایوی ایشن میں تبدیلی پر بھی مشاورت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ وزارت خزانہ میں بھی ٹیم کو مضبوط کرنے کے لئے شوکت ترین کی خدمات لینے پر بھی مشاورت کی گئی ہے۔شوکت ترین کو ابتداء میں ممبر اکنامک کونسل پھر معاون خصوصی اور وزیر بنایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات میں پانچ شخصیات کی نئی ٹیم بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔ وفاقی وزیر، وزیر مملکت اور معاونیِن خصوصی و ترجمان پر مشتمل میڈیا ٹیم وزارت اطلاعات کے امور دیکھے گی، شبلی فراز یا فواد چوہدری میں سے ایک کو اطلاعات کا وفاقی وزیر بنایا جائے گا، وفاقی وزرات سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو بھی وزارت اطلاعات کی پیشکش کی گئی۔ فواد چوہدری نے وزارت اطلاعات کے حوالے سے مشاورت کے لئے مہلت مانگ رکھی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شبلی فراز کو اطلا عات نہ ملنے کی صورت میں وزارت توانائی میں ذمہ داریاں ملیں گی، دو سے تین نئے وزراء بھی وفاقی کابینہ میں شامل کئے جائیں گے، بعض ارکان کو وزیر اعظم ہاوس میں اور بعض کو وزارت کی ذمہ داری دی جائے گی، سید فخر امام کو وزارت کے بجائے دوبارہ کشمیر کمیٹی کا چیرمین بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہا ہے کہ وزیر اعظم نے فیصلے کر لئے ہیں، اعلان کسی وقت بھی متوقع ہے۔