لاہور: (ویب ڈیسک) ذیابیطس ایک ایسی بیماری ہے جو ایک بار کسی کو لگ جائے تو یہ عمر بھر اس کا پیچھا نہیں چھوڑتی، اس سے بچنے کے لیے خوراک کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ انڈے ایک ایسی چیز ہے جسے اکثر لوگ ناشتے میں کھانا پسند کرتے ہیں لیکن ایک نئی تحقیق کے مطابق زیادہ انڈے کھانے سے ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ محققین کے مطابق جو لوگ روزانہ ایک یا زیادہ انڈے کھاتے ہیں، یعنی تقریباً 50 گرام کے برابر، ان میں ذیابیطس کا خطرہ 60 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ مردوں کے مقابلے خواتین پر اس کا اثر زیادہ دیکھا گیا۔ یونیورسٹی آف ساؤتھ آسٹریلیا نے یہ مطالعہ چائنہ میڈیکل یونیورسٹی اور قطر یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا۔ یہ طولانی مطالعہ سال 1991 سے 2009 تک کیا گیا تھا۔ اس میں چین کے لوگوں پر انڈے کھانے کے اثرات کے بارے میں پہلی تحقیق کی گئی۔ جس میں بڑی تعداد میں بزرگوں نے شرکت کی۔ وبائی امراض کے ماہر اور صحت عامہ کے ماہر منگ لی کا کہنا ہے کہ اگر آپ کو ٹائپ ٹو ذیابیطس ہے تو خوراک اس میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کون سے غذائی عوامل اس مرض میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھاتے ہیں۔ سائنسدانوں کے مطابق خوراک میں پراسیسڈ ڈائیٹس، زیادہ مقدار میں نان ویجیٹیرین چیزیں، اسنیکس اور توانائی سے بھرپور چیزیں کھانے سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ان چیزوں کے ساتھ ساتھ ان دنوں انڈوں کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے جس سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ چین میں کئے گئے اس سروے کے مطابق گذشتہ ایک دہائی میں انڈے کھانے والے افراد کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے۔ یہ تحقیق برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئی ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انڈے کھانے سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھنا ہمیشہ بحث کا موضوع رہتا ہے۔ اس تحقیق میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی ہے کہ کیا زیادہ دیر تک انڈے کھانے سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ جو لوگ روزانہ زیادہ انڈے کھاتے ہیں، اوسطاً 38 گرام سے زیادہ ان میں ذیابیطس کا خطرہ 25 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جو لوگ 50 گرام سے زیادہ انڈے کھاتے ہیں یا ایک دن میں ایک یا اس سے زیادہ انڈے کھاتے ہیں ان میں ذیابیطس کا خطرہ 60 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ غور طلب ہے کہ ایک انڈے کا وزن 50 سے 70 گرام رہا ہوگا، اگر آپ ایک ہفتے میں اوسطاً 4 انڈے کھاتے ہیں تو یہ معمول کی بات ہے۔ ان نتائج کے مطابق انڈوں کا زیادہ استعمال ذیابیطس کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔ تاہم سائنسدانوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ انڈوں کے استعمال اور ذیابیطس کے درمیان کیا تعلق ہے اور کیا وجہ ہے۔ چائنا ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سروے میں 8545 بالغ افراد کو شامل کیا گیا۔ سروے میں شامل لوگوں کی اوسط عمر 50 سال تھی۔