پی ٹی آئی ڈپٹی سپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع

پی ٹی آئی ڈپٹی سپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع
لاہور: (ویب ڈیسک) صوبہ پنجاب میں پی ٹی آئی نے اپنے ہی ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کیخلاف تحریک عمدم اعتماد جمع کرا دی ہے، جس کے بعد ایک نیا آئینی بحران پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت نے وزیراعظم عمران خان سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی منظوری لی تھی، بعد ازاں سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو دوست محمد مزاری کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کروائی گئی۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ڈاکٹر مراد راس، میاں محمودالرشید سمیت دیگر ارکان اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔ اس معاملے پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کے مجاز نہیں رہے۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدرات پینل آف چیئرمین میاں شفیع کریں گے۔ ادھر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ انتخابات وزیراعلیٰ کیلئے ہے میرے لئے نہیں، میں آئین اور قانون کے مطابق اجلاس کی صدارت کرنے کا اہل ہوں۔ خیال رہے کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے گذشتہ روز چھ اپریل کو ہونے والا اجلاس سولہ اپریل کو طلب کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کیا تھا، تاہم رات کو تاریخ دوبارہ تبدیل کرتے ہوئے اسے 6 اپریل کر دیا گیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔