سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا
کیپشن: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا کردیا گیا ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق فواد چودھری جہلم میں زمین سے متعلق نیب کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے۔ان کی اہلیہ حبا فواد چودھری نے جمعے کی رات گئے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر اپنے شوہر کی رہائی کا بیان جاری کیا۔

حبا فواد نے رہائی کے بعد فواد چودھری کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں دونوں خوشگوار موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔

جیل حکام کے مطابق فواد چودھری کی 2 روز قبل ضمانت منظور ہوئی، رہائی کا پروانہ ملنے کے بعد انہیں جیل سے رہا کر دیا گیا، سابق وفاقی وزیر فواد چودھری جہلم میں زمین سے متعلق نیب کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ضمانت بعد از گرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس کے بعد عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چودھری کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے یکم اپریل کو فواد چودھری کی 22 مقدمات میں تین ہفتوں کی راہداری ضمانت منظور کی تھی۔
عدالت نے فواد چودھری کو 21 روز کے اندر متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے جہلم میں زمین سے متعلق نیب کیس میں سابق وفاقی وزیر کی درخواست پر ضمانت منظور کی تھی۔
فواد چوہدری نے عدالت سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں درج مقدمات میں متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے راہداری ضمانت کی استدعا کی تھی۔
سابق وفاقی وزیر کی ضمانت پر ان کے بھائی فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ ’فواد چوہدری کی کسی اور جھوٹے مقدمے میں گرفتاری کا بھی خدشہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ عدالتیں فواد چودھری کو غیرقانونی گرفتاری سے تحفظ فراہم کریں گی۔

Watch Live Public News