صدر مملکت عارف علوی نے سوشل میڈیا کیمپئن پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری شہیدوں کے جنازے میں عدم شرکت کو غیر ضروری طور پر متنازعہ بنایا جا رہا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں صدر مملکت نے لکھا کہ اس تمام غیرضروری مشق سے مجھے نفرت انگیز ٹویٹس کرنے والوں کی غیر واضح الفاظ میں مذمت کرنے کا موقع ملتا ہے جو نہ تو ہماری ثقافت اور نہ ہی ہمارے مذہب سے واقف ہیں۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ میں نے سینکڑوں شہداء کے خاندانوں سے رابطے کیے ہیں، جنازوں میں شرکت کی ہے اور تعزیت کے لیے ان سے ملاقات کی ہے۔ https://twitter.com/ArifAlvi/status/1555636174030503944?s=20&t=o4v-CEhDwKRttbQrENphzA انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ آپ کی نمائندگی کرتے ہوئے میں یہ کام اپنا فرض سمجھتا ہوں۔ تمام خاندانوں کو اپنے شہداء پر ہمیشہ فخر ہوتا ہے، لیکن ہم سب اس دنیا میں غمگین اور ذاتی نقصان کو تسلیم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی طور پر ان شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کرنا نہایت مشکل کام ہے جہاں ان کے لواحقین میں چھوٹے بچے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پہ کوئی شبہ نہیں کہ پاکستان ان کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہی محفوظ ہے اوریہی بات میرا پاکستان پر فخر مزید بڑھاتی ہے۔ پاکستان ہمیشہ زندہ اور پائندہ رہے گا۔ انشاء اللہ۔ یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا سے شہداء کے لواحقین کو بہت دکھ ہوا، میجر جنرل بابر افتخار دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ یکم اگست کے بعد سے ہم سب کرب سےگزر رہے تھے، حادثے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا شروع کردیا گیا، جس کے باعث بہت دل آزاری ہوئی، شہداء کے لواحقین کو اس سے بہت دکھ ہوا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ یکم اگست کو ہیلی کاپٹر کا افسوسناک حادثہ ہوا، ہیلی کاپٹر فلڈ ریلیف کی کارروائیوں میں مصروف تھا، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی فلڈ ریلیف کی نگرانی کر رہے تھے، لسبیلہ کے قریب موسم کی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا۔ میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پوری قوم پاک افواج اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، قوم کا جتنا شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔ https://twitter.com/abbasikhan54/status/1555580091048116224?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1555580091048116224%7Ctwgr%5Ef9b8ea6da6a19ba9524bcf4f106e3481140fa331%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fpublicnews.com%2F75354%2F ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا شروع ہوجاتا ہے، یہ نہیں ہونا چاہیے، ایسے عناصر کو مسترد کرنے کی ضرورت ہے، بے حسی کا رویہ نا قابل قبول ہے، ہر سطح پر اس کی مذمت ہونی چاہیے۔ میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ایمن الظواہری واقعے پر وزارت خارجہ نے بہت واضح بیان جاری کر دیا ہے، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ پاکستان کی زمین استعمال ہوئی ہو، بےجا قسم کا بیان دیا جاتا ہے، جس کے کوئی ثبوت نہیں، وزارت خارجہ کی وضاحت کے بعد کسی بیان کا تُک نہیں بنتا۔