لاہور میں بارش سے قومی سکواڈ کے تربیتی سیشن کا پہلا روز متاثر

لاہور میں بارش سے قومی سکواڈ کے تربیتی سیشن کا پہلا روز متاثر
لاہور میں بارش کے باعث قومی سکواڈ کے تربیتی سیشن کا پہلا روز متاثر ہو گیا ہے۔ تمام کھلاڑی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں انڈور پریکٹس تک محدود رہ گئے۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں دورہ نیدرلینڈز کیلئے منتخب کھلاڑیوں نے لاہور میں رپورٹ کر دی ہے۔ ہفتے کو کھلاڑیوں کا پہلا ٹریننگ سیشن قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول تھا مگر صبح سے ہونی والی شدید بارش کی وجہ سے آؤٹ فیلڈ گیلی ہوگئی جس کے بعد پہلے روز کا تربیتی سیشن منسوخ کر دیا گیا۔ جس کے بعد تمام کھلاڑی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں انڈور پریکٹس تک محدود رہ گئے۔ پی سی بی کے جاری اعلامیے کے مطابق قومی اسکواڈ میں شامل تمام پلیئرز نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور کے انڈور ہال میں ٹریننگ کریں گے۔ ٹریننگ کے ساتھ ساتھ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی میڈیا ٹاک بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ دورہ نیدرلینڈ کے لئے ٹیم کا تربیتی کیمپ 6 اگست سے 11 اگست تک جاری رہے گا۔ اس دوران کیمپ میں قومی اسکواڈ کے پاکستان شاہینز کیخلاف 2 پریکٹس میچز بھی شامل ہیں۔ پریکٹس میچز بھی ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔ گرائونڈ اسٹاف نے تربیتی کیمپ کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ میدان سے غیر ضروری گھاس بھی کاٹ دی گئی ہے۔ پچاس اوورز پر مشتمل یہ میچز 7 اور 10 اگست کو ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان شاہینز کی قیادت سعود شکیل کو سونپی گئی ہے۔ پہلا پریکٹس میچ اتوار کو صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھیلا جائےگا جبکہ دوسرا پریکٹس میچ 10 اگست کو شیڈولڈ ہے۔ قومی سکواڈ 11 اور 12 اگست کی درمیانی شب ایمسٹرڈیم روانہ ہوگا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔