منفی پرو پیگنڈا ملکی سالمیت کیلئے نقصان دہ ہے، خواجہ آصف

منفی پرو پیگنڈا ملکی سالمیت کیلئے نقصان دہ ہے، خواجہ آصف
سیالکوٹ: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ منفی پرو پیگنڈا ملکی سالمیت کے لئے نقصان دہ ہے، دشمن پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ دنوں لسبیلہ میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا جس میں فوجی افسران شہید ہوئے،اس حادثے پر کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا پر مذموم مہم چلائی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ دفاعی اداروں کیخلاف مذموم مہم قابل مذمت ہے۔ دشمن قوتیں ملکی دفاع کو کمزور کرنا چاہتی ہیں اور کچھ لوگ اداروں پر الزامات لگا کر دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمیں مسلح افواج کی قربانیوں پر فخر ہے۔ یہ وطن پاک کی سرحدوں کی محافظ ہیں۔ وطن پر جان قربان کرنے والے ہمارے محسن ہیں اور قومیں اپنے محسنوں کو کبھی نہیں بھولتیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پرغیر اخلاقی زبان کا استعمال تشویش ناک ہے سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے والوں کی کچھ لوگ سرپرستی کرتے ہیں۔ خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 2018 میں ایک شخص قوم پر مسلط ہوا جس نے رواداری کی سیاست کو ختم اور نفرت کے کلچر کو فروغ دیا اور اقتدار چلے جانے کے بعد اداروں پر الزامات لگائے۔ اس شخص نے ذاتی مفادات کیلیے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ وہ اب اداروں کو سیاست میں گھسیٹ رہا ہے، ملک سے محبت اقتدار کے ساتھ مشروط نہیں ہونی چاہیے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔