ترکیہ اور شام میں زلزلے کی پیشگوئی کچھ روز پہلے ہی کر دی گئی تھی

ترکیہ اور شام میں زلزلے کی پیشگوئی کچھ روز پہلے ہی کر دی گئی تھی
ترکیہ اور شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کی پیشگوئی تین دن قبل ہی کر دی گئی تھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیدرلینڈ کے ایک تحقیق کار فرینک ہوگر بیٹس نے چند روز قبل ہی ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں اس خطے میں بڑے زلزلے کی پیشگوئی کر دی تھی۔ 3 فروری کو فرینک ہوگر بیٹس نے ایک ٹوئٹ کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جلد یا بدیر جنوبی وسطی ترکیہ، اردن، شام اور لبنان میں 7 اعشاریہ 5 شدت کا زلزلہ آئے گا۔ فرینک ہوگر بیٹس کی زلزلے سے متعلق پیشگوئی 3 روز بعد ہی سچ ثابت ہوئی ہے۔ ٹوئٹ میں انہوں نے اپنی ریسرچ ایجنسی کی پوسٹ بھی ری ٹوئٹ کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پہلے زلزلے کے بعد ایک اور بڑا جھٹکا آئے گا، ان کی یہ پیشگوئی بھی سچ ثابت ہوئی۔ نیدرلینڈ کے ایک تحقیق کار فرینک ہوگر بیٹس نے زلزلے کے حوالے سے اپنی پیشگوئی درست ثابت ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا وسطی ترکیہ میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ ہونے والے ہر فرد کے لیے میرا دل بہت دکھی ہے۔ خیال رہے کہ ترکیہ اور شام میں آج دو انتہائی تباہ کن زلزلے آئے جس کے نتیجے میں 2200 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ درجنوں عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔اس کے علاوہ ہزاروں افراد زخمی ہیں۔ ترکیہ اور شام میں آنے والے پہلے زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی جبکہ کچھ گھنٹوں بعد ترکیہ کے علاقے البستان میں 7 اعشاریہ 5 شدت کا ایک اور زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔