لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز بالائی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ 6 جنوری سے 7 جنوری کے دوران میرپور خاص، خیرپور، کراچی، جامشورو، دادو، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، بارکھان، سکھر، سبی، بولان، جھل مگسی، جعفر آباد، نصیر آباد، مستونگ، خضدار، قلات، لسبیلہ، جیوانی، پسنی، گوادر، پنجگور، تربت، نوشکی، دالبندین، نوکنڈی، قلعہ عبداللہ، ژوب، پشین، زیارت اور کوئٹہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی ہے۔ اس دوران کہیں کہیں پر موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔ 6 جنوری کی شام سے 9 جنوری تک رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، خانیوال، ملتان، راجن پور، لیہ، ڈیرہ غازی خان، قصور، لاہور، نارووال، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، میانوالی، بھکر، خوشاب، سرگودھا، منڈی بہاء الدین، جہلم، چکوال، راولپنڈی، کوہاٹ، وزیرستان، کرم، باجوڑ، چارسدہ، پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بونیر، شانگلہ، کوہستان، مالاکنڈ، سوات، دیر، چترال، گلگت بلتستان، کشمیر اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ادھر شدید بارشوں کے بعد بلوچستان کے ضلع گوادر اور کیچ کو آفت زدہ قرار دیدیا گیا ہے۔ آرمی، نیوی، فرنٹیئر کور، پولیس اور لیویز فورس سمیت تمام متعلقہ اداروں نے شہری انتظامیہ کے ہمراہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ صوبائی حکومت گوادر اور کیچ کے اضلاع میں بارش اور سیلاب کا پانی گھروں میں داخل ہونے کی وجہ سے بے گھر ہونے والے شہریوں کو ریلیف اور رہائش فراہم کرنے کے تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔