کراچی : کراچی سے لاہور جانے والے کراچی ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور حیدر آباد کے درمیان تکنیکی خرابی کے سبب کوچ نمبر سولہ سے دھواں نکلنے لگا ، کراچی ایکسپریس کی کوچ نمبر 16 کے مسافروں نے ٹرین سے اتر کر جان بچائی۔
ڈی ایس ریلوے ناصر خلیلی کا کہنا تھا کہ تکنیکی خرابی کے سبب ایکسل گرم ہوگیا تھا، دھواں نکلنے کے سبب مسافر پریشان ہوکر اترے، تکنیکی خرابی کو دور کرکے ٹرین کو روانہ کردیا گیا۔
خیال رہے کہ کراچی ایکسپریس کراچی سے 2گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی سے فیصل آباد جانے والی ملت ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی تھی تاہم حادثے کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔