فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ، رافیل نڈال نے 14ویں مرتبہ ٹائٹل جیت لیا

فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ، رافیل نڈال نے 14ویں مرتبہ ٹائٹل جیت لیا
سپین کے ٹینس سٹار رافیل نڈال نے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 14ویں بار جیت لیا ہے۔ فرنچ اوپن فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رافیل نڈال کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن ان کی کوشش ہوگی کہ وہ خود کو فٹ رکھیں تاکہ اچھی ٹینس کھیلتے رہیں۔ یاد رہے کہ 36 برس کی عمر میں کسی بھی کھلاڑی نے آج تک فرنچ اوپن ٹینس مردوں کا مقابلہ نہیں جیتا تھا۔ 34 سال کی عمر میں سپین ہی کے کھلاڑی اینڈریس جمینو نے 1972ء میں یہ ٹائٹل جیتا تھا۔ اب یہ ریکارڈ رافیل نڈال نے توڑا ہے۔ فرنچ اوپن سے قبل کئی مبصرین نے رافیل نڈال کو فیورٹ قرار دینے سے گریز کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک تو ان سے کم عمر کھلاڑی میدان میں آگئے ہیں اور دوسرا وہ آسٹریلین اوپن کے بعد سے اَن فٹ رہے ہیں۔ تاہم 2 گھنٹے اور 18 منٹ تک جاری رہنے والے فرنچ اوپن ٹورنامنٹ کے فائنل میں رافیل نڈال کا پلڑا بھاری رہا۔ یکطرفہ مقابلے کے بعد پہلا سیٹ جیتنے والے سابق چیمپئن کو دوسرے سیٹ میں 23 سالہ حریف نے کافی پریشان کیا۔ ایک موقع پر تو کیسپر رُڈ کو نڈال کے خلاف ایک کے مقابلے میں تین گیمز کی برتری بھی حاصل تھی لیکن نڈال نے مقابلہ کر کے کم بیک کیا۔ پیرس میں 5 جون کو کھیلے گئے فائنل میں عالمی نمبر پانچ رافیل نڈال کا مقابلہ 8ویں نمبر پر موجود ناروے کے کیسپررُڈ سے تھا جس میں انہوں نے سٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔ ان کی جیت کا سکور چھ تین، چھ تین اور چھ صفر رہا تھا۔ رافیل نڈال نے 14ویں بار فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیت کر مجموعی طور پر 22 گرینڈ سلیم حاصل کرنے کا ریکارڈ بنا لیا ہے۔اب وہ گرینڈ سلیم کی دوڑ میں اپنے حریفوں سے مزید آگے چلے گئے ہیں۔ 20 مرتبہ گرینڈ سلیم جیتنے والے راجر فیڈر اور نواک جوکووچ اب ان سے دو قدم پیچھے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔