اسلام آباد (پبلک نیوز) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو ویڈیو کے ذریعے بے نقاب کر نےوالے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی سامنے آگئے۔ جمیل احمد اور فہیم خان کا کہنا ہے کہ وہ وزیر اعظم کے سپاہی ہیں اور کسی کے کہنے پر ویڈیو نہیں بنائی تھی۔تفصیلات کے مطابق سینٹ انتخابات سے صرف ایک روز قبل سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کی خفیہ ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں وہ ووٹ ضائع کرنے کے طریقے بتا رہے تھے۔ اب وہ خفیہ ویڈیو بنانے والے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این ایز جمیل احمد اور فہیم خان میڈیا کے سامنے آگئے ہیں۔ ممبر قومی اسمبلی فہیم خان نے جمیل احمد کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں موجود تھے،وزیراعظم کے سپاہی ہیں۔صحافی نے سو ال کیا کہ آپ دونوں نے کتنے پیسے لیے جس پر فہیم احمد نے کہا کہ جو پیسے لیتے ہیں وہ پبلک میں نہیں آتے، ہم الیکشن کمیشن کے سامنے آئیں گے ہمارا دامن صاف ہے۔ اس موقع پر ایک صحافی سے سوال کیا کہ سٹنگ آپریشن کس کے کہنے پر کیا تھاجس پر فہیم احمد کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر پارٹی کا بیانیہ جلد آ جائے گا۔ صحافی نے دوبارہ سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا اپنے طور پر یا کسی کے کہنے پر کیا؟جس پر ممبر قومی اسمبلی کیپٹن(ر) جمیل احمد نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی اور عمران خان کے ساتھ ہیں،ہم نے ویڈیو کسی کے کہنے پر نہیں بنائی۔