’ مہنگائی کیخلاف تحریک عمران خان کو گھر بھجوا کر ختم ہوگی‘

’ مہنگائی کیخلاف تحریک عمران خان کو گھر بھجوا کر ختم ہوگی‘
لاہور ( پبلک نیوز) مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس کے بعد شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے مہنگائی کے خلاف فیصلہ کن تحریک چلانے پر اتفاق کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں بجلی، گیس، پٹرول، آٹا، گھی، چینی، دوائی و دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرکہ عوام کو فوری ریلیف فراہمی کا مطالبہ کیا گیا، شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ عمران خان حکومت کی تاریخی کرپشن ہے۔ آئی ایم ایف سے طے پانے والی شرائط عوام کے سامنے لائی جائیں۔ پی ڈی ایم نے مہنگائی کے خلاف فیصلہ کن تحریک چلانے پر اتفاق کیا ہے، صوبائی دارالحکومتوں میں بھرپور احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، 13نومبر کو کراچی، 17 نومبر کو کوئٹہ، 20 نومبر کو پشاور میں احتجاج ہوگا۔ آخری ریلی کے بعد اسلام آباد کی طرف مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ ہوگا۔ شاہد خاقان کا مزید کہنا تھا کہ اب یہ تحریک عمران خان کو گھر بھجوا کر ہی ختم ہوگی۔ پی ڈی ایم نے نیب ترمیمی آرڈیننس، انتخابی اصلاحات، ای وی ایم اور انٹرنیٹ ووٹنگ بھی مکمل مسترد کردی۔ اجلاس نے اوورسیز پاکستانیوں کو حقیقی معنی میں پارلیمان میں حق نمائندگی دینے بارے بھی عزم کا اظہار کیا۔ پارلیمان کے اندر حکمت عملی طے کرنے کے لیے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ذمہ داری سونپ دی گئی، اجلاس نے ڈسکہ دھاندلی رپورٹ میں قصوروار قرار پانے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کردیا۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔