پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اپنی ہی پنجاب حکومت کے آئی جی پولیس فیصل شاہکار سے عہدہ کو چھوڑنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ گذشتہ روز شاہ محمود قریشی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر کے حوالے کچھ لوگ بے بس دکھائی دیتے ہیں جو عیاں ہے، سابق وزیراعظم پر حملہ ہوتا ہے اور تھانہ لیت و لعل سے کام لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی جی پنجاب عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر درج نہیں کرا سکتے تو عہدہ چھوڑ دیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے اسد عمر نے بھی پنجاب پولیس کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ عمران خان پر ایک سے زیادہ مقامات سے فائرنگ کی گئی ہے اور پنجاب پولیس پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔