ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی وکٹری اسپیچ، "سب سے پہلے امریکا" کا نعرہ لگا دیا

ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی وکٹری اسپیچ،
کیپشن: صدر منتخب ہونے کے بعد ٹرمپ کی پہلی وکٹری اسپیچ

ویب ڈیسک: صدارتی انتخابات میں 270 کا میجک نمبر حاصل کرنے کے بعد دوسری مرتبہ امریکی صدر بننے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے وکٹری اسپیچ دی ہے۔ اس موقع پر ان کے فیملی کے ارکان بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ 

امریکی ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم ریاستوں میں برتری حاصل کرنے کے بعد فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ میں کارکنان سے  پہلے خطاب میں کہا کہ ایک بار پھر منتخب کرنے پر عوام کا بے حد شکریہ ،  یہ بہت بڑی سیاسی جیت ہے۔ہم نے آج تاریخ رقم کی ہے۔ ملک کے زخم بھریں گے اور اسے مشکلات سے نکالیں گے۔ سرحدوں کو محفوظ بنائیں گے اور دیگر مسائل کو حل کریں گے۔
اپنی تقریر کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی حریف کملا ہیرس کے حوالے سے ایک لفظ بھی نہیں کہا اور اپنی جیت کے بارے میں ہی گفتگو کرتے رہے۔
انہوں نے امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاندار فتح ہے امریکا میں سنہری دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ 315 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیں گے۔ لوگوں نے ہمیں فقید المثال اور انتہائی طاقتور مینڈیٹ دیا ہے۔ ہم نے سینیٹ واپس لے لیا ہے اور لگتا ہے کہ ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول بھی ہمارے ہی پاس رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے تمام رکاوٹوں کا مقابلہ کیا، ایسا اس ملک نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ امریکہ اب نئی بلندیوں کو چھُوئے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ یہ جنگ شروع کرے گا لیکن میں جنگیں ختم کروں گا۔
انہوں نے اپنی غیر معمولی حمایت پر امریکی عوام اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ابھی بہت کام کرنا ہے 900 انتخابی ریلیاں نکالی ہیں  اب ریلی نکالنے سے زیادہ اہم کام ملک کی تعمیر ہے ۔
انہوں نے کہا ہم نے تاریخ رقم کی ہے  سیاسی فتح حاصل کرکےایسا کچھ کیا ہے جو ناممکن سمجھا جاتا تھا ۔ مجھے امریکا کا 47 واں صدر منتخب کرنے پر ’’شکریہ امریکا’’۔
 آپ کی خوشحالی کے لئے، آپ کی اولاد کی خوشحالی اور بہتری  کے لئے ،امریکی شہریوں کو دنیا کی بہترین جابز دینے کے لئے میری جنگ کا آغاز ہونے لگا ہے۔ 
انہوں نے سوئنگ اسٹیٹس کا بھی نام لے کر شکریہ ادا کیا۔ ’’ شکریہ پنسلوانیا’’ شکریہ جارجیا’’۔ اس موقع پر حاضرین نے ’’ یوایس اے ’’ یو ایس اے ’’ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
 انہو ں نے کہا کہ محبت کے اس مظاہرے کے لئے امریکیوں کا شکریہ ایک دن آپ کو میرے انتخاب کے فیصلے پر فخر ہوگا۔ انہوں نے سینٹ اورایوان نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے پر بھی قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اسے ’’ میگا موومنٹ ’’ قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب سینٹرز کے ساتھ کام کرنے کے لئے پرجوش ہوں۔
 انہوں نے اپنے پہلے خطاب فتح میں اپنی اہلیہ خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور اپنے خاندان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے بچوں لارا ، ایوانکا، جیرڈ ، بیرن ٹرمپ کا شکر گذار ہوں انہوں نے بہت محنت کی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے والد اور ساس کو بھی یاد کیا ۔

نائب صدر جے ڈی وینس:
 انہوں نے اپنے ساتھ نائب صدر منتخب ہونے والے جے ڈی وینس کو مبارک باد دی اور خطاب کرنے کے لئے کہا جس پر نائب صدر جےڈی وینس نے کہا کہ میں ٹرمپ کی قیادت میں نیا سیاسی سفر شروع کرنے کے لئے پرجوش ہوں امریکی عوام کے خوابوں کی تکمیل اور ان کی خوشحالی کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں کا م کریں گے۔
 انہوں نے اپنی انتخابی مہم کی سربراہ سوزی اور انکے شوہر کرس کو بھی اسٹیج بر بلایا اور مبارک باد دی ۔

ایلون مسک کا خطاب میں ذکر:
 انہوں نے اپنی انتخابی مہم  کےسب سےاہم کردار دنیا کے امیرترین شخص اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کا بھی اپنے خطاب میں خصوصی ذکر کیا اور کہا کہ وہ نیا ستارہ ہے ایسے جینئیس دنیا میں بہت کم ہوں گے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے رابرٹ ایف کینڈی جونئیر کو بھی اپنے خطاب میں خراج تحسین پیش کیا ۔

کوئی نئی جنگ شروع نہ کرنے کا اعلان: 
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے پاس سعودی عرب اور روس سے زیادہ تیل ہے امریکا میں کیانہیں ہے۔ سخت جان اور محنت کش امریکیوں سے مل کر ملک کے حالات بدلیں گے۔ انہوں نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ  پہلے بھی کوئی جنگ شروع نہیں کی تھی اب بھی کوئی نئی جنگ شروع نہیں کرنی۔
 انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ خدا نے قاتلانہ حملے میں میری جان کسی مقصد کے لئے بچائی تھی۔ اور یہ مقصد امریکا کی حفاظت ہے
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا  تھا کہ ہم اپنے ملک کے زخم بھرنے جا رہے ہیں۔  انھوں نے سرحدوں کو ٹھیک کرنے کا عزم کیا اور مزید کہا کہ ان کی پارٹی نے کسی وجہ سے تاریخی فتح حاصل کی ہے۔
 ان کا کہنا ہے کہ امریکی شہریوں نے انھیں غیرمعمولی مینڈیٹ دیا ہے۔
چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں گے، امریکا کے تمام معاملات اب ٹھیک ہونے والے ہیں، اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھوں گا جب تک آپ لوگوں کے خواب پورے نہ کروں۔

سرحدوں کو سیل کرنا پڑےگا:
ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں کو سیل کرنا پڑے گا، ہم چاہتے ہیں کہ لوگ قانونی طریقے سے امریکا آئیں، امریکا کو محفوظ بنائیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم مضبوط اور طاقتور فوج چاہتے ہیں اور آئیڈل صورتحال ہے کہ ہمیں اسے استعمال کرنے کی ضرورت نہ پڑے، آپ جانتے ہیں کہ اپنے سابقہ 4 سال میں ہماری کوئی جنگ نہیں تھی، سوائے اس کے کہ ہم نے داعش کو شکست دی تھی، ہم نے داعش کو ریکارڈ مدت میں شکست دی، لیکن ہماری کوئی جنگ نہیں تھی۔ امریکی عوام سے کئے گئے سب وعدے پورے کروں گا ۔پہلے ملک میں تقسیم کو ختم کرنا ہے قوم کو متحد کرکے کامیاب بنانا ہے ۔
 انہوں نے نعرہ لگایا’’ سب سے پہلے امریکا’’ 
ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ محفوظ سب سے زیادہ خوش حال سب سے زیادہ عظیم ملک امریکا کو ہونا  ہے۔ 
 خطاب کے اختتام پر انہوں نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے رقص کے مخصوص اسٹیپس لئے اور اپنی اہلیہ کے ہمراہ روانہ ہوگئے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے اختتام پر ایک بیان میں ووٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ "یہ کرپٹ اسٹیبلشمنٹ کو ہرانے کا آخری موقع ہے۔ باہر نکلو اور ووٹ دو۔" 

ٹرمپ نے ایریزونا میں فوکس نیوز کے سابق میزبان ٹکر کارلسن کو انٹرویودیا اور نیواڈا میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔

مجھے کوئی غرض نہیں کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے یا کیا ہو گا، میری پہلی ترجیح امریکا اور امریکی معیشت ہے۔ ہم اپنی خارجہ پالیسی کو بھی اسی نظر سے دیکھیں گے۔

ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر آنے والے تارکین وطن کو روکنے کے لیے اس دیوار پر کام مکمل کرلیں گے جس پر ان کے 2017 سے2020 کے دور صدارت میں کام شروع ہوا تھا۔

ٹرمپ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد امریکا میں بغیر دستاویز کے رہنے والے تارکین وطن کو ڈی پورٹ کردیں گے۔

انہوں نے ہیرس پر الزام لگایا ہے کہ وہ میکسیکو کی سرحد سے آنے والے مہاجرین کے بہاؤ کو روکنے کے معاملے پر کمزور ثابت ہوئی ہیں۔