شہبازشریف اور بلاول بھٹو سمیت عالمی رہنماؤں کی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد

شہبازشریف اور بلاول بھٹو سمیت عالمی رہنماؤں کی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد
کیپشن: شہبازشریف اور بلاول بھٹو سمیت عالمی رہنماؤں کی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد

ویب ڈیسک: ڈونلڈ ٹرمپ کے فتح کے دعویٰ کے بعد سوشل میڈیا پر دنیا بھر کے رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات پوسٹ کیے جا رہے ہیں۔

بدھ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی۔

شہباز شریف نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری مدت کے لیے ان کی تاریخی فتح پر مبارکباد! میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے آنے والی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ایکس پر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ’ ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن میں تاریخی کم بیک پر مبارکباد۔ امریکی لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم جے ڈی وینس، ایلون مسک، رابرٹ کینیڈی جونیئر، تلسی گبارڈ کو شاندار کامیابی دی ہے۔‘

بلاول بھٹو نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا ’یہ جنگ مخالف بیانیے کی فتح ہے اور جنگ مخالف بیانیے کا مینڈیٹ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ نئی انتظامیہ امن کو ترجیح دے گی اور عالمی تنازعات کو ختم کرنے میں مدد کرے گی۔‘ 

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو صدرانتخاب جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ امریکا کا صدارتی انتخابات جیتنے پر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی قوم کو مبارکباد۔

امیر قطر نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارتی انتخاب جیتنے پر مبارکباد۔ میں آپ کی مدت کے دوران آپ سب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور اپنے سٹریٹجک تعلقات اور شراکت داری کو مضبوط بنانے، خطے اور عالمی سطح پر سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے ہماری مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے دوبارہ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں‘۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد دی ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک بیان میں رجب طیب ایردوان کا کہنا تھا کہ ’’میں اپنے دوست ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘‘

انہوں نے امید ظاہر کے نئے دور میں امریکا اور ترکیہ کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔

فرانس کے صدر نے بھی اپنی ایکس پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی اور لکھا ’صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد۔ آپ کے اور میرے یقین، احترام اور عزائم کے ساتھ مزید امن اور خوشحالی کے لیے ایک ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں، جیسا کہ ہم چار سالوں سے کرتے آئے ہیں۔‘

انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’آپ کی تاریخی انتخابی جیت پر دل کی گہرائیوں سے مبارک ہو میرے دوست ڈونلڈ ٹرمپ۔ جیسا کہ آپ اپنی پچھلی مدت کی کامیابیوں کو آگے بڑھا رہے ہیں، میں انڈیا اور امریکہ کی جامع عالمی اور سٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے تعاون کی تجدید کا منتظر ہوں۔ آئیے مل کر اپنے لوگوں کی بہتری اور عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے کام کریں۔‘

اسرائیلی وزیراعظم بینجامن نیتن یاہو نے بھی ٹرمپ کو مبارکباد دی اور لکھا ’پیارے ڈونلڈ اور میلانیا ٹرمپ، تاریخ کی سب سے بڑی واپسی پر مبارکباد۔  وائٹ ہاؤس میں آپ کی تاریخی واپسی امریکہ کے لیے ایک نئی شروعات اور اسرائیل اور امریکہ کے درمیان عظیم اتحاد کے لیے ایک مضبوط عزم ظاہر کرتی ہے۔ یہ ایک بہت بڑی فتح ہے۔‘

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے   ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخاب جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی قیادت نے نومنتخب امریکی صدر کو تہنیتی مکتوب روانہ کئے ہیں۔
سعودی قیادت نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے کامیابی کی امید ظاہر کی ہے۔
سعودی قیادت نے امریکی عوام کے لیے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے لیے مزید ترقی کی امید کا اظہار کیا ہے۔
سعود قیادت نے اپنے پیغام میں سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہیں مختلف شعبوں میں اسے وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

یوکرائنی صدر زیلنسکی نے انتخابات میں شاندار فتح پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکبا د دیتے ہوئے کہا ہے کہ @realDonaldTrump کو ان کی شاندار انتخابی جیت پر مبارکباد! ستمبر میں صدر ٹرمپ کے ساتھ ہماری شاندار ملاقات یاد ہے، جب ہم نے یوکرین-امریکا پر تفصیل سے بات کی تھی۔ اسٹریٹجک شراکت داری، فتح کا منصوبہ، اور یوکرین کے خلاف روسی جارحیت کو ختم کرنے کے طریقے۔


انہوں نے مزید کہا، "میں عالمی معاملات میں "طاقت کے ذریعے امن" کے نقطہ نظر کے لیے صدر ٹرمپ کے عزم کی تعریف کرتا ہوں۔ یہ بالکل وہی اصول ہے جو عملی طور پر یوکرین میں امن کو قریب لا سکتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہم مل کر اسے عملی جامہ پہنائیں گے۔‘‘
 اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی مبارک بادی ٹویٹ میں کہا ہے کہ 


میری اور اطالوی حکومت کی طرف سے، امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخلصانہ مبارکباد۔ اٹلی اور امریکہ "بہن"  اقوام ہیں، جو ایک غیر متزلزل اتحاد، مشترکہ اقدار اور تاریخی دوستی سے جڑے ہوئے ہیں۔ جس کو مجھے یقین ہے کہ اب ہم مزید مضبوط کریں گے۔ 

برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے ٹرمپ کو ان کی "تاریخی انتخابی فتح" پر مبارکباد دی اور کہا کہ برطانیہ اور امریکہ کے خصوصی تعلقات "خوشحالی کی طرف گامزن" رہیں گے۔


"منتخب صدر ٹرمپ کو آپ کی تاریخی انتخابی کامیابی پر مبارکباد۔ میں آپ کے ساتھ آنے والے سالوں میں کام کرنے کا منتظر ہوں۔ اتحادیوں کے قریب ترین ہونے کے ناطے، ہم آزادی، جمہوریت اور انٹرپرائز کی اپنی مشترکہ اقدار کے دفاع میں کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔