نور مقدم کیس:ظاہرجعفر کے والدین کا سپریم کورٹ سے رجوع

نور مقدم کیس:ظاہرجعفر کے والدین کا سپریم کورٹ سے رجوع
اسلام آباد(پبلک نیوز) نور مقدم قتل کیس کا معاملہ، ملزم ظاہر جعفر کے والدین نے ضمانت کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا. تفصیلات کے مطابق ذاکر جعفر اور عصمت ذاکر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی ہے، خواجہ حارث نے دونوں ملزمان کی الگ الگ ضمانت درخواستیں دائر کیں. درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کیا واقعہ کی اطلاع نہ دینا اعانت جرم میں آتا ہے؟ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 107 کا غلط جائزہ لیا، عصمت ذاکراور ذاکر جعفر سے قتل کی وجہ عناد بھی منسوب نہیں کی گئی،ایسے شواہد موجود نہیں کہ والدین کو بیٹے کے قتل کے ارادوں کا معلوم ہو، کسی شریک ملزم کے بیان پر درخواست ضمانت خارج نہیں کی جا سکتی. درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ کیس کا مکمل چالان بھی ابھی تک ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں ہوا، دو ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت دیکر ہائیکورٹ نے دائر اختیار سے تجاوز کیا، دو ماہ میں فیصلے کا حکم ملزمان کے حقوق اور شفاف ٹرائل کے اصولوں کیخلاف ہے، جلد بازی میں ٹرائل مکمل کرنے کے حکم سے ملزمان کا حق دفاع متاثر ہوگا، پولیس تحقیقات یکطرفہ اور جانبداری پر مبنی ہیں، ملزمان جیل میں رہ کیس میں اپنا دفاع بھی درست انداز میں نہیں کر سکیں گے. درخواست میں کہا گیا کہ جیل میں رہ کر ملزمان کا اپنے وکلاء کیساتھ رابطہ بھی بہت مشکل ہوتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں سقم ہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر ضمانت منظور کی جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی تھی.

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔